97

ایران، مشہد مقدس میں روضہ امام رضا علیہ السلام اور پاکستانی ثقافت

Spread the love

مشہد مقدس، اسلام آباد (جے ٹی این آن لائن خصوصی رپورٹ) پاکستانی ثقافت

بین الاقوامی سطح پر وطن عزیز پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے کے لیے

ایران کے شہر مشہد مقدس میں احاطہ روضہ مبارک امام رضا علیہ السلام میں

پاکستانی کمیونٹی نے 18 تا 23 اگست تک چھ روزہ خصوصی نمائش کا اہتمام کیا۔

اس ثقافتی نمائش میں مہندی، کھیلوں کے سامان اور کھانوں کے مصالحہ جات

سمیت مجموعی طور پر چالیس سٹال لگائے گئے تھے، اس چھ روزہ نمائش کا

مقصد پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنا تھا۔ نمائش کے اس سلسلہ میں پاکستان میں

سیاحت سے متعلق دستاویزی فلم بھی شامل تھی جس میں پاکستان کے مختلف

خوبصورت مقامات کو دکھایا گیا تھا۔ نمائش میں پاکستان کے بارے میں آگاہی کے

لیے فلم ” جناح ” کی بھی نمائش کی گئی، نمائش میں سٹالز پر پاکستانی ملبوسات،

کپڑے، کڑھائی، زیورات، آرٹ ورک اور دستکاری بھی سجائی گئی تھی۔ اس چھ

روزہ ایونٹ میں پاکستانی فوڈ سٹالز پر ایرانی شہریوں مرد و خواتین بھی بڑی

تعداد میں آکر پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے، دوسرے ممالک سے

آئے ہوئے زائرین کرام نے بھی پاکستانی کھانوں کے ذائقہ کو بہت پسند کیا۔

ایرانی اور پاکستانی شہریوں کے علاوہ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے

امام رضا علیہ السلام کے زائرین کرام نے بڑی تعداد میں اس نمائش کا نظارہ کیا

اور پاکستانی ثقافت کو بیرون ملک متعارف کرانے کے اس سلسلے کو سراہا اور

کہا اس قسم کی نمائش سے نہ صرف پاکستان کی ثقافت بین الاقوامی سطح پر

متعارف ہو گی بلکہ اس سے پاکستان کا خوبصورت اور امن پسند چہرہ بھی اجاگر

ہو گا۔ نمائش دیکھنے والے دیگر ممالک کے زائرین نے ایسی ثقافتی نمائش کا اپنے

ممالک میں بھی انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا اور اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین

دلایا-