کوہاٹ المناک واقعہ آسمانی بجلی نہیں ،پیسکو کی غفلت سے پیش آیا

Spread the love

کوہاٹ کے نواحی علاقے سورگل میں رونما ہونے والا المناک واقعہ آسمانی بجلی گرنے سے نہیں بلکہ مبینہ طورپر ہائی ٹرانسمیشن لائن کی بوسیدہ‘ ڈھیلی اور لڑھکتی تاروں کے ٹوٹ کر نیچی ٹرانسمیشن لائن پر گرنے کے باعث خوفناک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین کے نظام بجلی میں سرایت کرجانے والا انتہائی شدت کا کرنٹ پھیل جانے سے 2 خواتین سمیت پانچ افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔سورگل کے مقامی لوگوں نے آسمانی بجلی گرنے کے من گھڑت مؤقف کو مستردکرتے ہوئے واقعہ کی تمام تر ذمہ داری پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی(پیسکو) پر ڈال دی اور کہا ہے کہ حکام کی مبینہ غفلت‘ لاپرواہی اور کوتاہی کے باعث یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا ہے جس کی صاف و شفاف اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔واضح رہے کہ جمعرات کے وز علی الصبح پیش آنے والے سانحہ سورگل کے بارے میں بیان دیتے ہوئے پیسکو کے ترجمان نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں معلوم ہواہے کہ یہ واقعہ آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ ترجمان کے مطابق جس وقت آسمانی بجلی گری‘ اْس وقت لوڈشیڈنگ کی وجہ سے فیڈر سے بجلی کی فراہمی بندتھی تاہم اہالیان سورگل نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دعویٰ میں جواز بناتے ہوئے کہا کہ موسم سرما میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات قطعاً پیش نہیں آتے۔اْنہوں نے زوردے کر کہا کہ گاؤں میں عرصہ دراز سے موجودہ بوسیدہ اور لڑھکتی تاروں کے بارے میں متعدد بار پیسکوکے مقامی حکام سے رابطہ کیا گیا لیکن کسی نے اس پر توجہ نہیں دی اور مقامی حکام کی مبینہ غفلت‘ لاپرواہی اور کوتاہی کے سبب ہائی ٹرانسمیشن لائن کی ڈھیلی تاریں کم وولٹیج کی لائنوں پر گرکر شارٹ سرکٹ کے باعث گھریلوصارفین کے سسٹم میں انتہائی شدت کا کرنٹ سرایت کرجانے سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا اور بجلی کی بوسیدہ اور لڑھکتی تاروں نے کئی قیمیتی جانیں لے لیں۔سورگل سمیت کوہاٹ کے عوام نے سانحہ سورگل کی اعلیٰ سطح پر صاف شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا پْرزور مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واقعہ پر انتہائی افسوس‘ گہرے دکھ اور صدمہ کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور دعاہے کہ کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند کرے۔

Leave a Reply