کرک ،مسافر کوچ اور پک اپ میں خوفناک تصادم،خواتین سمیت 16 افراد جل کر جاں بحق

Spread the love

کرک کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور ڈبل ڈور پک اپ کے درمیان خوفناک تصادم سے فلائنگ کوچ میں نصب گیس سلنڈر پھٹنے سے اگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں فلائنگ کوچ میں سوار 6خواتین سمیت 16 مسافر جل کر جاں بحق ہوگئے۔ مسافر کوچ ڈی آئی خان سے پشاور جارہی تھی کی مخالف سمت سے آنے والی ایک ڈبل ڈور پک اپ سے ٹکرا گئی،جس کے باعث کوچ میں نصب سی این جی سلنڈر میں آگ بھڑک اٹھی، آگ اتنی اچانک لگی کہ کسی کو جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا تاہم اطلاعات کے مطابق ڈرائیور سمیت 2 افراد نے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طورپر جائے حادثہ پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کردیں اور برتنوں میں پانی لاکر آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔ بعدازاں سینکڑوں مقامی افراد نے مقامی انتظامیہ کی جائے حادثہ پر بر وقت نہ پہنچنے کے خلاف مشتعل ہوکر انڈس ہائی وے کو کئی گھنٹے بلاک کردیا۔ادھر ڈپٹی کمشنر کرک عابد اللہ خان نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تمام مشینری اور فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچادیا تھا لیکن حادثہ کی نوعیت ہی ایسی تھی جس سے بہت جانی نقصان ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا گیا اور تمام ضلعی مشینری کو ہائی الرٹ کیا گیا۔ ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچائی گئیں اور جتنا ممکن تھا وہ تمام اقدامات اور انتظامات بر وقت کئے گئے تھے۔

Leave a Reply