Corona Virus World Map 85

عالمگیرکرونا وباء، ہلاکتیں 58 ہزار سے زائد، یورپ امریکہ کی صورتحال ابتر

لاہور(جے ٹی این آن لائن مانیٹرنگ سیل) کرونا یورپ امریکہ صورتحال

عالمگیرکرونا وائرس کی وباء سے دنیا بھر میں 11 لاکھ سے زائد افراد بیمار ہو گئے، جبکہ مرنیوالوں کی تعداد 58 ہزار سے بڑھ گئی۔ انتہائی تشویشناک مریضوں کی تعداد بھی 40 ہزار سے تجاوز کر گئی- اٹلی، فرانس، برطانیہ، سپین، جرمنی سمیت دیگر یورپی ملکوں میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا- امریکہ میں بھی صورتحال مزید مخدوش ہو گئی-

مزید پڑھیں : امریکی فوج پر بھی کرونا کا وار، ایک ہلاک، سیکڑوں متاثر

تفصیلات کے مطابق فرانس میں گزشتہ روز کرونا وائرس سے مزید 1355 اور سپین میں 961 اموات کا اعلان کیا گیا، جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مرکز برائے سسٹمز سائنس اینڈ انجینئرنگ نے دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا پوری دنیا میں مریضوں کی تعداد 11 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ 2 لاکھ 10 ہزار مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 40 ہزارسے زائد کرونا متاثرین کی حالت تشویشناک ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جبکہ سب سے زیادہ مریض امریکہ میں ہیں، ذرائع کا کہنا ہے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد اس سے بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔

امریکہ

امریکہ میں کرونا وائرس سے مسلسل دوسرے روز بھی 1 ہزارسے زائد اموات واقع ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 88، جبکہ بیماروں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 540 ہو گئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 10 ہزار 403 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار 421 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکہ میں روزانہ بڑے پیمانے پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کی تعداد غیر معمولی طور پر بڑھ رہی ہے۔ مزید 25 ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ 2 لاکھ 80 ہزار 540 مصدقہ مریضوں کیساتھ سب سے اوپر ہے-

نیو یارک میئر انتباہ

نیو یارک کے مئیر نے گھر سے نکلنے والے تمام افراد کو ماسک پہننے کی ہدایت کی، امکان ہے یہی ہدایت وائٹ ہاوس کی جانب سے اب پورے امریکہ میں بھی جاری کر دی جائے گی۔ وائرس نے امریکہ میں ایک کروڑ افراد کو بےروزگار بھی کر دیا ہے۔

کمانڈر بریٹ کروزئیر جبری ریٹائر، ٹرمپ دوسرے ٹیسٹ میں بھی کلیئر

امریکی بحری بیڑے پر وباء پھیلنے سے روکنے میں حکام کی ناکامی کا پردہ فاش کرنیوالے کمانڈر بریٹ کروزئیر کو جبری ریٹائر کر دیا گیا ہے۔ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کیلئے ڈیمو کریٹس نے نیشنل کنونشن ملتوی کر دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار بھی اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جس کے نتائج بھی منفی ہی نکلے ہیں۔

کرونا وباء سے یورپ میں ہلاکتوں کی صورتحال

اٹلی میں گزشتہ روز 760 اموات ہوئیں۔ اٹلی میں کل ہلاکتیں 13915 اورسپین میں 10348 ہوگئی ہیں۔ برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 569، بیلجیم میں 183، جرمنی میں 176، نیدرلینڈز میں 166، فرانس میں کل ہلاکتوں کی تعداد 5387، برطانیہ میں کل 2921، نیدرلینڈز میں 1339، جرمنی میں 1107 اور بیلجیم میں 1011 تک پہنچ گئی ہے۔

مصدقہ مریضوں کی تعداد

اٹلی میں 1 لاکھ 15 ہزار 242 مصدقہ مریض ہیں، جبکہ سپین میں 1 لاکھ 12 ہزار 65 مریض ہیں۔ اسی طر ح جرمنی میں 84 ہزار 794 اور فرانس میں 59 ہزار 929 مصدقہ مریض ہیں۔ ایران میں 50 ہزار 468، برطانیہ میں 34 ہزار 173 اور سوئٹزرلینڈ میں 18 ہزار 827 مصد قہ مریض ہیں۔ ترکی میں کل مریضوں کی تعداد 18 ہزار 135 جبکہ سویڈن میں 69، برازیل میں 57، سوئزرلینڈ میں 48، جرمنی میں مریضوں کی تعداد 84 ہزار، فرانس میں 59 ہزار، ترکی میں تعداد 18 ہزار، بیلجیم میں 15 ہزار، نیدرلینڈز میں 14 ہزار، کینیڈا اور آسٹریا میں 11 ہزار ہو گئی ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کرونا وباء کے واربھی جاری

کرونا وائرس سے آسٹریلیا میں گزشتہ روز مزید 2 اموات سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی، مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 5358 تک پہنچ گئی جبکہ 636 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں- نیوزی لینڈ میں کرونا سے ابھی تک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، جبکہ مصدقہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 773 ہو گئی ہے اور طبی عملہ نے 106 مریضوں کا کامیاب علاج کرکے صحت یاب کر دیا ہے-

چین میں مرنیوالے مسیحاؤں، طبی عملہ کیلئے آج قومی سوگ تقریب

چینی حکام کے مطابق ان کے ملک میں گزشتہ روز 6 ہلاکتیں ہوئیں اور 35 نئے کیس سامنے آئے۔ اس طرح کل ہلاکتیں 3318 اور مجموعی کیسز 81589 ہیں جو اب چار ملکوں سے کم ہیں۔ دریں اثناء چین میں آج ہفتہ کے روز کرونا کیخلاف لڑتے ہوئے جانیں دینے والے افراد کی یاد میں ایک قومی سوگ کی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ چین میں کرونا کیخلاف لڑتے ہوئے محکمہ صحت کے 14 کارکنان بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

اپ ڈیٹ رہنے کیلئے ہمیں فالو کریں

چین کی سٹیٹ کونسل کا کہنا ہے صبح 10 بجے سے شروع ہونیوالی تقریب میں ملک بھر میں تمام افراد تین منٹ کیلئے خاموشی اختیار کریں گے۔ اس کے علاوہ ہوائی حملے کا سائرن بجایا جائیگا اور لوگ اپنی کاروں، ٹرینیوں اور دیگر قسم کی گاڑیوں کے ہارن بجائیں گے۔
کرونا یورپ امریکہ صورتحال

Leave a Reply