Pakistan-corona-virus 87

کرونا وباء، 40 پاکستانی لقمہ اجل بن گئے، مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری

اسلام آباد(سٹاف،جنرل رپورٹرز، بیورورپورٹس) کرونا پاکستانی لقمہ اجل

ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 184 کنفرم کیسز سامنے آگئے، صوبہ سندھ میں مزید 3، خیبر پختونخوا میں مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 40 تک جا پہنچی-

مزید : پڑھیں
ملک بھر میں کنفرم مریضوں کی تعداد 2637 ہو گئی

کرونا وائرس سے اب تک سندھ میں 14، پنجاب میں 11، خیبرپختونخوا 11، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد صوبہ پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1069، سندھ 785، خیبر پختونخوا343، بلوچستان 175، گلگت بلتستان 190، اسلام آباد 70 اور آزاد کشمیر میں 11 ہونے سے ملک بھر میں مجموعی تعداد 2542، وباء سے صحت یاب مریضوں کی تعداد 127 ہو گئی۔

صوبہ سندھ کرونا وباء سے اموات میں سب سے آگے

صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کراچی میں مزید 3 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے۔ جاں بحق مریضوں کی عمریں 80 اور 60 سال تھیں، جن کے یکم اپریل کو کرونا وائرس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے، دونوں افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔ صوبے میں اب تک مہلک وائرس کے باعث انتقال کرنیوالوں کی تعداد 14، جبکہ کنفرم کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مزید 18، سکھر 8، حیدرآباد 14اور گھوٹکی میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صرف کراچی میں کرونا کے کیسز کی کل تعداد 342 ہے۔ سندھ میں کرونا سے ہونیوالی اموات میں سے 12 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئیں، جبکہ صوبے بھر میں اب تک 65 افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب متاثرہ مریضوں میں سرفہرست

پنجاب میں بروز جمعہ کرونا وائرس کے مزید 105 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 1069 ہوگئی جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) کی جانب سے کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان میں 213 اور ملتان میں 91 زائرین کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ 16، وہاڑی 11، ڈی جی خان 7، جہلم 32، سرگودھا 19، حافظ آباد 9، لاہور 294، راولپنڈ ی73، اٹک 1، قصور 1، رائیونڈ قرنطینہ 142، ملتان 2، میانوالی 3، بہاولنگر 3، فیصل آباد قرنطینہ 9، منڈی بہاوالدین 14، ننکانہ صاحب 13، لودھراں 2، فیصل آباد 9، نارووال 2، خوشاب 1، لیہ 1، گجرات 91، رحیم یار خان 3 جبکہ بہاولپور اور سیالکوٹ میں ایک ایک مریض ہے۔

صوبے بھر میں اب تک کرونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں اب تک کرونا وائرس سے ہونیوالی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال

صوبہ خیبر پختونخوا میں مزید 2 افراد کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ صوبائی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 343 تک جا پہنچی ہے۔ جبکہ صوبے میں اب تک 30 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں کرونا وباء کی صورتحال

صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 6 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 176 ہوگئی۔ ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹرز سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں اب تک کرونا سے 1 ہلاکت، جبکہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد اور آزاد کشمیر کی صورتحال

جمعہ کو سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے، جس سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی ہے۔

جتن آن لائن اپ ڈیٹس کیلئے : سوشل میڈیا پر فالو کریں

آزاد کشمیر میں جمعے کو کوئی نیا کیس سامنے آیا۔ بدھ کو کرونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس سے کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی تھی۔

گلگت بلتستان میں کرونا وباء کی صورتحال

سرکاری پورٹل پر جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے، جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 190 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ان کیسز کی فی الحال تصدیق نہیں کی گئی، البتہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے کرونا سے 8 افراد کے شفایاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

کرونا پاکستانی لقمہ اجل

Leave a Reply