new corona virus 85

کرونا وائرس،پاکستان میں ہلاکتیں 26 ہوگئیں

Spread the love

اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،جنرل رپورٹر)سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں مزید ایک شخص کرونا وائرس سے انتقال کرگیا، مہلک وائرس سے پاکستان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ،پاکستان بھر سے کرونا کے مزید 109 کیسز سامنے آنے پر متاثرہ افراد کی تعداد 1872 تک جاپہنچی۔منگل کو تین میں سے دو ہلاکتیں سندھ جبکہ ایک خیبر پختونخوا میں ہوئی۔ صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں،

74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جس کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا۔ شہر میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا کراچی کا 70 سالہ رہائشی بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جس میں انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔دو ہلاکتوں کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے اور اب تک صوبے میں ہونے والی تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔منگل کو خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی۔فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کرونا کی تصدیق ہوئی۔اس ہلاکت کے بعد مہلک وائرس خیبرپختونخوا میں اب تک 6 زندگیاں نگل چکا ہے جس کے بعدملک بھر میں ہلاکتیں 26 ہوگئی ہیں۔

پاکستان میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔منگل اب تک کرونا وائرس کے 109 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 61، گلگت بلتستان میں 20، بلوچستان میں 10، پنجاب میں 7، خیبرپختونخوا میں 4 اور اسلام آباد میں مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 1872 تک جاپہنچی ہے۔

سندھ میں کرونا وائرس کے نئے 61 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جام شورو کے 2 کیسز ہیں جبکہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 294 اور حیدرآباد میں 57 ہوگئی ہے جبکہ دادو میں ایک، جیکب آباد میں ایک اور جامشورو میں 2 کیسز ہیں۔اس کے علاوہ سکھر میں موجود زائرین میں 265 اور لاڑکانہ میں 7 زائرین کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے صوبے میں کرونا وائرس کے 658 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ لاہور میں 130، گجرات 62، جہلم 28، راولپنڈی 44، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 11، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان اور میانوالی 3 جبکہ ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں۔دوسری جانب کرونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر رائیونڈ سٹی کو مکمل لاک ڈاؤن جبکہ رائے ونڈ تبلیغی مرکز کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔رائیونڈ سٹی میں موجود تمام جنرل سٹورز اور دکانیں بند کروا دی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان رشید کے مطابق یہ ایکشن وائرس بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ رائیونڈ میں ابتدائی طور پر 3 روز تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رائیونڈ میں کیسز سامنے آنے پر حکومت کی جانب سے کابینہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں