Punjab Lock Down 89

کرونا وباء کا پھیلاؤ، پنجاب میں 3 ماہ تک لاک ڈاﺅن، فیصلہ جلد متوقع

Spread the love

لاہور(جے ٹی این آن لائن خصوصی رپورٹ) پنجاب لاک ڈاؤن

محکمہ صحت پنجاب کے ماہرین نے کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے اعلیٰ حکام کو صوبے میں لاک ڈاﺅن کی مدت 3 ماہ کرنے کی تجویز پیش کردی،تاہم ارباب اقتدار نے تجویز کو چینی ماہرین کی رائے سے مشروط کر دیا۔

مزید پڑھیں : پنجاب پولیس کے 16 اہلکار کرونا وائرس سے متاثر

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کے ماہرین اور کرونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے سینئر ارکان نے حکومت کو مشورہ دیا ہے، کہ پنجاب کے اندر کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے صوبے میں تین ماہ کیلئے لاک ڈاﺅن نافذ رکھنا پڑے گا۔

کرونا ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہوا تو بڑی تعداد میں متاثرین سامنے آنے کا امکان

ماہرین کے مطابق پنجاب بھر میں کرونا ٹیسٹ نہیں ہو رہے، اور اس طرح مریضوں کی کل تعداد کا تناسب نکالنا بہت مشکل ہے، اورجو مریض ابھی سامنے آئے ہیں، اگر ٹیسٹوں کی تعداد اور مقدار بڑھائی جاتی ہے، تو مریض اس سے کہیں زیادہ سامنے آنے کا امکان ہے، لہٰذا وباء کی روک تھام کا واحد حل لاک ڈاﺅن کو تین ماہ تک لے جانا ہوگا۔

حکومت کا چینی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ

صوبائی حکومت نے مقامی ماہرین پر واضح کیا، کہ چین سے آئے کرونا ماہرین سے مریضوں کے حالات سمیت دیگر معلومات پر مفصل گفتگو کی جائے گی، اگر چینی ماہرین نے ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی تجویز سے اتفاق کیا، تو پھر لاک ڈاؤن کو 3 ماہ تک لے جانے پر غور ہو سکتا ہے۔

انسداد کرونا کے چینی ماہرین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے آج ملاقات

چین سے پاکستان آنیوالے انسداد کرونا وائرس ماہرین لاہور پہنچ گئے ہیں، جو آج کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پاکستانی ماہرین سے، چین میں کرونا کے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے معلومات پر تبادلہ خیال کریں گے، اور بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کریں گے۔

کرونا وباء چین میں پھر سر اٹھانے لگی، ذرائع کا انکشاف

ذرائع کے مطابق چینی ماہرین نے پاکستانی حکام سے غیررسمی گفتگو میں بتایا کہ چین میں کرونا وائرس پھر سر اٹھانے لگا ہے- حکومت نے کرونا وباء کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے بعض شہروں میں لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور شروع کردیا۔ چینی ماہرین نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے میں اگر تھوڑی سی کوتاہی ہوئی تو اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا۔

فالو کریں : فیس بُک جے ٹی این آن لائن ون ٹین

پنجاب لاک ڈاؤن

اپنا تبصرہ بھیجیں