پاک ہندو کونسل کے سرپرست رمیش کمار کمبھ میلہ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئے

Spread the love

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کمبھ میلے میں شرکت کیلئے انڈیا پہنچ گئے ہیں، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انکی الگ الگ ملاقاتیں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ سشما سوراج، وی کے سنگھ سمیت اعلی حکام سے ہوئی ہیں، کنوینر پاکستان انڈیا پارلیمانی دوستی گروپ کے حالیہ دورے کو بھارتی میڈیا کی جانب سے وسیع پیمانے پر پذیرائی مل رہی ہے. باوثوق ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز انکی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے دارالحکومت نئی دہلی میں بیس منٹ کے دورانیہ پر مشتمل ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے، اس دوران پلوامہ حملے کے تناظر میں دوطرفہ تعلقات، پاک بھارت امن عمل اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تصویر سماجی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین امن دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے. قبل ازیں بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ وہ اپنی دھرتی ماتا پاکستان میں بسنے والے ہم وطنوں کی طرف سے امن کا پیغام لیکر انڈیا آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے، مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ممبر پارلیمنٹ کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

Leave a Reply