پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل ’’نصر ‘‘کا کامیاب تجربہ

Spread the love

پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنیوالے شارٹ رینج میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا ، نصر زمین سے مار کرنیوالا بیلسٹک میزائل ہے جس سے پاک فوج ،اسٹرٹیجک فورسز کمانڈ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا،صدر مملکت ڈاکٹر عا ر ف علوی، وزیراعظم عمران خان اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور قوم کو مبارکباد دی۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ا یس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنیوالے شارٹ رینج میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے تجربے کا مشاہدہ کیااور میزائل کی تیاری میں سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ڈی جی ایس پی ڈی، کمانڈر اے ایس ایف، چیئرمین نیسکام سمیت دیگر حکام نے بھی میزائل تجربہ دیکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی لانچنگ پیڈ سے داغے گئے نصر میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا۔ نصر میزائل کو فائر کرنے بعد اس کا ہدف بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔نصر میزائل میں تکنیکی اعتبار سے مزید جدت لائی گئی ہے۔ میزائل دشمن کے بیلسٹک میزائل اور ائیر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نصر میزائل سسٹم کا تجربہ پاکستان کی کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی پالیسی کا عکاس ہے۔

Leave a Reply