0

پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کیخلاف فعال کردار اداکیا,سربراہ اسلامی فوجی اتحاد

Spread the love

وزیراعظم عمران خان ،چیئرمین سینیٹ صاد ق سنجرانی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ راحیل شریف نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان سیملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں اسلامی اتحادی فوج کے تمام اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کے مقصد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلامی اتحادی فوج کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو سراہا۔ملاقات میں علاقائی استحکام ، سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق آرمی چیف راحیل شریف کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات میں سینیٹ ارکان اور اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کے ارکان بھی موجود تھے، جہاں اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فارم ہے، پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصان اٹھایا ہے لیکن پاکستانی افواج ، عوام اور دیگر اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو، یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کے لیے ہے۔صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے باعث خوشی ہے کہ اس فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے جنرل (ر)راحیل شریف کر رہے ہیں، پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے مسائل کا پر امن حل چاہتا ہے کیونکہ امن ترقی کی ضمانت ہے اور مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔ملاقات کے دوران راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے جبکہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے.انہوں نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔راحیل شریف نے دفتر خارجہ میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے دہشت گردی کیخلاف اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے علاقائی امن وسلامتی کے لیے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کوسراہا۔

Leave a Reply