پاکستان سپورٹس بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کی گزشتہ چار ماہ سے پنشن بند

Spread the love

آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین نے گزشتہ چار ماہ سے پاکستان سپورٹس بور ڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بندش پر بھرپور احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سے فوری طور پر ملازمین کی پنشن بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی ایس بی کے 170 ریٹائرڈ ملازمین اور بیوائیں گزشتہ چار ماہ سے پنشن کی ادائیگی سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ایس بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے 2008 میں اپنے فیصلے کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ ملازمین کی پنشن کی منظوری دی تھی اور 12 سال سے ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کو پنشن مل رہی تھی جس کو گزشتہ 4 مہینوں سے پاکستان سپورٹس بورڈ انتظامیہ نے روک رکھا ہے جس پر ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور اس کی سب سے بڑی وجہ ڈائریکٹر جنرل کی پاکستان سپورٹس بورڈ میں عارضی تعیناتی ہے۔فرمان خان، سیکرٹری جنرل آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین(سی بی ای)اسلام آباد نے کئی بار پی ایس بی انتظامیہ سے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا لیکن انتظامیہ پر کوئی اثر نہ ہوا جس پر یونین نے بھرپور احتجاج کیا اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے فوری طور پر پنشن کی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

Leave a Reply