psl5 77

پاکستان سپر لیگ فائیو، یونائیٹڈ کی قلندرز، گلیڈی ایٹرزکی کنگز کو شکست

Spread the love

کراچی، لاہور( جے ٹی این آن لائن سپورٹس رپورٹرز )

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کی دوسرے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میزبان قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی، فخر زمان اور کرس لِن بیٹنگ کیلئے میدان میں اترے۔ لاہور قلندرز کو اننگز کی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب محمد موسیٰ نے کرس لِن کی اہم وکٹ حاصل کی۔ تاہم اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔

فخر نے 26 گیندوں پر 33 رنز بنائے تھے کہ حریف کپتان شاداب خان نے انکی وکٹیں بکھیر دیں۔ ابھی قلندرز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ کپتان سہیل اختر اور ڈین ولاس دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ سے محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے کیساتھ ساتھ سمیت پٹیل کیساتھ 51 رنز جوڑے، جس میں انکا اپنا حصہ 41 رنز کا رہا۔ فہیم اشرف کی ایک گیند کو باﺅنڈری کے پار پھینکنے کی کوشش میں کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں حفیظ اور ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر 7 چکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 98 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویزے نے 9 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔ یونائیٹڈ کی طرف سے کپتان شاداب نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں جبکہ فہیم اشرف نے بھی 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاہین شاہ آفریدی نے شروع میں ہی لیوک رونکی کو آﺅٹ کرکے بڑی کامیابی دلائی جب سکور صرف 3 رنز تھا جس کے بعد محمد حفیظ نے ایک اور خطرناک بلے باز کولن منرو کی وکٹ حاصل کرلی جس کے باعث اسلام آباد کی ٹیم شدید دباﺅ میں آگئی۔ کپتان شاداب خان نے ڈیوڈ ملان کیساتھ مل کر سکور کو 62 رنز تک پہنچایا لیکن اس مرتبہ ڈیوڈ ویزے نے ملان کی وکٹیں اڑا دیں جنہوں نے 22 رنز بنائے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن انہیں 91 کے مجموعی سکور پر حارث رﺅف نے پویلین واپس بھیج دیا۔ کولن انگرام نے ایک اوور 20 سے زائد رنز حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیا لیکن سمت پٹیل اور شاہین شاہ آفریدی نے آصف علی اور انگرام کو آﺅٹ کرکے میچ کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی مگر دوسری طرف سے یونائیٹڈ کے بلے باز ہار ماننے کو ہر گز تیار نہ تھے اور اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ حارث رﺅف نے خطرناک عزائم کا اظہار کرنیوالے فہیم اشرف کی وکٹ اہم موقع پر حاصل کی جب سکور 152 رنز ہوچکا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے عماد بٹ کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 163 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے باوجود عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لے کر گئے، عثمان شنواری نے لاہور قلندرز کی جانب سے آخری اوور کیا جس کا سامنا موسیٰ خان اور احمد صفی عبداللہ نے کیا۔

پاکستان سپر لیگ فائیو کے اتوار کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہوم ٹیم کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم کیساتھ شرجیل خان میدان میں اترے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 31 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم گزشتہ میچ کے برعکس ابتدائی اوورز میں کراچی کنگز کے بلے بازوں کو زیادہ کھل کر بیٹنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ میچ کے دوران اسوقت ایک تنازع کھڑا ہوا جب نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کا کیچ ہوا۔ گلیڈی ایٹرز نے بابر اعظم کیخلاف کیچ کی اپیل کی لیکن امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیے جانے پر ریویو لے لیا تاہم اس اصل ڈرامائی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امپائر نے کافی دیر انتظار کے باوجود اسنیکو ٹیکنالوجی دستیاب نہ ہونے پر شک کا فائدہ بلے باز کو دیتے ہوئے انہیں ناٹ آﺅٹ قرار دیدیا۔

اس مرحلے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور سٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا جبکہ سرفراز نے بھی معاملے پر امپائرز سے کافی بحث کی لیکن فیصلہ تبدیل نہ ہوا۔ البتہ اگلے اوور میں ٹائمل ملز نے بابر اعظم کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی، بابراعظم نے آٹ ہونے سے قبل 26 رنز بنائے۔ شرجیل خان پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 12 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔ ایلکس ہیلز نے ایک اینڈ سے اطمینان سے بیٹنگ کی لیکن دوسرے اینڈ سے کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ اندازاپنایا اور اس دوران وہ آٹ ہونے سے بھی بال بال بچے جب بانڈری پر سہیل خان ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے اور وہ بانڈری کے پار چلی گئی۔

وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلے ہی اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں سہیل خان کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے، جبکہ اگلے اوور میں حسنین کی کاوش سے چیڈوک والٹن بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ کراچی کنگز کو مشکل وقت میں ایلکس ہیلز سے بڑی اننگز کی امید تھی لیکن وہ بھی صرف 29 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی وکٹ بن گئے۔ گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے کپتان عماد وسیم بھی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 8 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔ کرس جورڈن نے ٹائمل ملز کو ایک چوکا اور چھکا لگایا لیکن 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی، گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں انہی کو کیچ دے بیٹھے۔ عمید آصف نے اننگز کے آخری اوور میں محمد حسنین کو لگاتا دو چوکے لگائے لیکن تیسری گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، افتخار احمد نے 25 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹائمل ملز نے دو وکٹیں لیں۔157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو شین واٹسن اور جیسن روئے نے اپنی ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ واٹسن اچھی فارم میں نظر آئے لیکن ایک موقع پر دو رنز لینے کی کوشش میں وہ رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہوئی تو مستقل جدوجہد کرنیوالے جیسن روئے ایک رن لینے کی کوشش میں بلا گرائونڈ نہ کر سکے اور رن آؤٹ قرار پائے۔ اگلے ہی اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں احمد شہزاد بھی جورڈن کے ہاتھوں کیچ ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد اعظم خان اور کپتان سرفراز احمد وکٹ پر اکٹھا ہوئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ دونوں کھلاڑی چوتھی وکٹ کیلئے 85 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، اس دوران ارشد اقبال کے ایک اوور میں بنائے گئے 17 رنز نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ اعظم نے ایک مرتبہ پھر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ایک غلط فہمی کے نتیجے میں ان کی اننگز بھی رن آؤٹ کی شکل میں اختتام کو پہنچی جبکہ نواز بھی جورڈن کی وکٹ بن گئے۔
تاہم 19 ویں اوور میں انور علی نے چوکا اور پھر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی فتح سے ہمکنار کرادیا، سرفراز احمد 37 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پر اعظم خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس میچ میں 5 وکٹوں سے فتح کیساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔

پاکستان سپر لیگ فائیو

Leave a Reply