پاکستان بھارت صورتحال انتہائی خطرناک ،ہمیں کشیدگی ختم کرانا ہوگی،صدرٹرمپ

Spread the love

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے امریکہ سمیت کئی ممالک پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہمیں تمام تر صورتحال کو روکنا ہو گا، پاکستان سے تعلقات انتہائی کم وقت میں بہت زیادہ بہتر ہوئے ہیں اور پاکستانی قیادت سے جلد ملاقات متوقع ہے،البتہ امریکی صدر نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ یہ ملاقاتیں کس سطح کی ہوں گی اور ان کی نوعیت کیا ہوگی یا ان کا انعقاد کس وقت کیا جائے گا۔گزشتہ روزوائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگومیں پلوامہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انکامزید کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا شدہ خطرناک صورتحال کوہمیں روکنا ہوگا،جو کچھ بھی ہوا اس سے اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان کافی مسائل ہیں اور بھارت کسی سخت ردعمل پر غور کررہا ہے کیونکہ اسے پلوامہ حملے میں 50 افراد کا جانی نقصان ہوا جسے ہم سمجھ سکتے ہیں۔امریکہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے اور دیگر ممالک بھی جوہری صلاحیت کے حامل پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اورہم اس عمل میں پوری طرح شریک ہیں۔ ہم دونو ں ممالک سے بات کر رہے ہیں، یہ انتہائی پیچیدہ توازن کی صورتحال ہے ،امریکی صدر نے پاکستان کی امداد روکنے کے فیصلے کی ایک مرتبہ پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا پاکستان نے دیگر امریکی صدور کی موجودگی میں امریکہ سے بہت فائدہ اٹھایا، ہم پاکستان کو سا لا نہ 1.3ارب ڈالر دے رہے تھے، میں نے وہ امداد بند کر دی کیونکہ پاکستان ہماری اس طرح مدد نہیں کر رہا تھا جس طرح اسے کرنی چاہیے تھی۔

Leave a Reply