پاکستانی استاد احمد سایا کیمبرج یونیورسٹی کے ایوارڈ کیلئے نامزد

Spread the love

پاکستان سے تعلق رکھنے والے احمد سایا کو لندن کی کیمبرج یونیورسٹی کے محنتی استاد برائے 2019کے اعزاز کیلئے نامزد کرلیا گیا۔واضح رہے احمد سایا کراچی میں واقع کورڈوبا سکول میں اے لیولز پڑھاتے ہیں۔اس ایوارڈ کےلئے دنیا بھر سے 6معتبر اساتذہ اکرام کو نامزد کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے احمد سایا کے علاوہ بھارت کے ابھے نندن بھٹیاچاریا، سری لنکا کے اینتھونی چیلیاہ، آسٹریلیا کے کینڈس گرین، فلپائن کے جمری ڈیپن اور ملائیشیا کے شارون کونگ فونگ شامل ہیں۔ کیمبرج یونیورسٹی پریس نے ٹوئٹر پر اعلان کیا ماہرینِ تعلیم کے ایک خصوصی پینل نے محنتی استاد کے اعزاز کےلئے پاکستانی استاد احمد سایا سمیت 6 افراد کو نامزد کیا ہے۔ٹوئٹ میں بتایا گیا ججز کےلئے ناموں کا انتخاب کرنا انتہائی مشکل تھا لیکن انہوں نے اس اعزاز کےلئے صرف 6 نام فائنل کیے، تاہم اس اعزاز کا حقدار کون بنے گا اس کا فیصلہ ووٹنگ کی بنیاد پر ہو گا ۔کیمبرج یونیورسٹی پریس ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر کے تمام طلبہ سے گزشتہ برس اکتوبر سے دسمبر تک پوچھا گیا تھا وہ جن اساتذہ ا کر ا م کو سب سے زیادہ محنتی سمجھتے ہیں ان کے نام بھیج دیں، ووٹنگ کا عمل 27جنوری تک اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد فاتح استاد کے نام کا اعلا ن کیا جائے گا۔جو بھی استاد یہ اعزاز حاصل کرے گا، اسے کیمبرج یونیورسٹی کا دورہ کروایا جائے گا اور ساتھ ہی انہیں اپنے سکول کےلئے کنٹینوئنگ پروفیشنل ڈیولپمنٹ(سی پی ڈی)کی سہولیات فراہم کرنے کےساتھ ساتھ دیگر انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

Leave a Reply