ٹی 20 ورلڈ کپ 2020، کوالیفائی کرنےوالی ٹیموں کا اعلان، پاکستان سر فہرست

Spread the love

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2020 میں ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کی گروپ اسٹیجز میں کوالیفکیشن کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق ابتدائی طور پر عالمی درجہ بندی میں سرِ فہرست 10 ٹیمیں کوالیفکیشن کے بغیر ہی ایونٹ میں شامل ہونگی، جبکہ 16 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں کوالیفکیشن کے بعد داخل ہوسکیں گی۔

عالمی کپ مرحلہ وار کھیلا جائیگا جس میں پہلے مرحلے میں 8 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہونگے، جن میں سے صرف 4 ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرینگی، جہاں پہلے سے ہی عالمی درجہ بندی کے مطابق 8 ٹیمیں موجود ہوں گی۔ گزشتہ برس 31 دسمبر تک کی عالمی درجہ بندی کے مطابق سر فہرست پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ونڈیز، نیوزی لینڈ اور افغانستان وہ ٹیمیں ہیں جو پہلے ہی سپر 12 مرحلے میں موجود ہیں، جبکہ سابق چیمپیئن سری لنکا کیساتھ بنگلہ دیش پہلے مرحلے میں بقیہ 6 کوالیفائر ٹیموں کے مدِ مقابل ہوں گی۔

ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا میلہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے نام سے مشہور تھا تاہم اب اس کا نام تبدیل کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رکھ دیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن 2 سال کی تاخیر کے بعد اب سال 2020ء میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے اور 3 مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنیوالی واحد ٹیم ہے جس میں اسے ایک میں کامیابی ملی جبکہ 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے 2009ء میں انگلینڈ میں ہونے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد سے اب تک پاکستان فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

Leave a Reply