ٹیکسٹائل، کارپٹس، چمڑے ،اسپورٹس اور سرجیکل آلات کی صنعتوں کیلئے خوشخبری
حکومت نے گیس سبسڈی کی مد میں25 ارب 15 کروڑروپے سوئی نادرن گیس کمپنی کو جاری کردئیے جس کا مقصد ملز مالکان کو گیس کے بلز میں رعائت دینا ہے، وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سبسڈی کی مد میں جاری کی جانے والی رقم ضمنی گرانٹ سے جاری کی گئی ہے ، سبسڈی پانچ برآمدی شعبے ٹیکسٹائل، کارپٹس، چمڑے ،اسپورٹس اور سرجیکل آلات کی صنعتوں کو گیس اور ایل این جی کی فراہمی پر جاری کی گئیں ہیں ان شعبوں کو سولہ اکتوبر سے تین نومبر2018 ء تک سبسڈی نرخ پر گیس فراہم کی گئی وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے6 دسمبر کو سبسڈی جاری کرنے کی منظوری دی تھی، محکمہ سوئی نادرن گیس کو رقم کی فراہمی کردی گئی ہے،برآمدی شعبہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے ہمیں جو ریلیف ملا ہے اس سے ملک کو فائدہ ہوگا، صنعتیں ملک کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں اور جب تک ان کو ریلیف نہیں دیا جاتا اس وقت تک حقیقی معنوں میں ملک ترقی نہیں کرتا اور گیس کی قلت اور اس کی عدم دستیابی ایک بڑا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے ہمیں کافی مشکلات درپیش تھیں۔