ٹرمپ کا ’’یو ٹرن‘‘ پاکستانی قیادت سے ملنے ،تعلقات بہتربنانے کی خواہش کا اظہار

Spread the love

2019 کا آغاز ہوتے ہی پاکستان کیلئے امریکہ کی خارجہ پالیسی میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد کیساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا وہ نئی پاکستانی قیادت سے جلد ملنے کے منتظر ہیں اور پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، سالِ نو پر امریکی صدر کے اس مثبت پیغام سے ایسا معلوم ہوتا ہے پاک امریکہ تعلقات پر جمی برف بالآخر پگھلنے لگی ہے۔واضح رہے گزشتہ برس یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بعد سے ہی دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ٹرمپ نے اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا تھا ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں د ھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔بعدازاں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی پاکستان کی سکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پا کستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنیوالے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔امریکی محکمہ خار جہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کیخلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔دوسری جانب گزشتہ برس نومبر میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظر ا ند ا ز کرتے ہوئے کہا پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا،ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے، سپورٹ کر رہے تھے اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پذیر تھا۔پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لاد ن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔امریکی صدر نے بعدازاں ٹوئٹر پر بھی اسی قسم کے بیانات دا غے، جس پر پاکستانی قیادت کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کاریکارڈ در ست کرتے ہوئے کہا نائن الیون حملوں میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کے غلط دعوے دہشتگردی کیخلاف امریکی جنگ میں پا کستان کو جانی و مالی نقصان کی صورت میں لگنے والے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔امریکی صدر کو تاریخی حقائق سے آگاہی کی ضرورت ہے، پاکستان نے امریکی جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے لیکن اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے اور ہمارے لوگوں کے مفا د میں بہتر ہوگا۔تاہم بعدازاں معاملات میں اْس وقت نیا موڑ آیا جب گزشتہ برس دسمبر میں وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خط لکھا ہے، جس میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے تعاون مانگا گیا ہے۔بعدازاں وائٹ ہاؤس نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔

Leave a Reply