وفاقی دارالحکومت آج سے ہفتہ بھر کیلئے اہم ودلچسپ سیاسی ، پارلیمانی سرگرمیوں کا مرکز

Spread the love

وفاقی دارالحکومت میں جہاں موسم انتہائی سرد ہے وہیں آج سے شروع ہونےوالے پورے ہفتے شہر اقتدار ہنگامہ خیز اہم سیاسی و پارلیمانی سرگرمیوں کا مرکز ہو گا۔ فوجی عدالتوں کی آئینی ترمیم کے بارے میں حکو مت و اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہو گی۔وزیر اعظم عمران خان اور قائد حزب اختلاف نیب اسیر شہبازشریف کے درمیان سندھ بلوچستان کےلئے الیکشن کمیشن کے اراکین کی نامزدگی کےلئے مشاورت بھی جلد شروع ہوگی۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں بامعنی مشاورت کا یہ انتہائی دلچسپ عمل رہے گا کیونکہ وزیراعظم متعدد بار اپوزیشن لیڈر پر نیب مقدمات کی وجہ سے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔رواں ہفتہ نیب کے معاملات پر اپوزیشن جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔ متحدہ حزب اختلا ف کا مشاورتی اجلاس بھی متوقع ہے،تاہم یہ ہنگامہ خیز سیاسی سرگرمیاں پارلیمنٹ تک محدود ہوں گی۔ حکومتی کمیٹی فوجی عدالتو ں کی آئینی ترمیم پر اپوزیشن جماعتوں سے حمایت کے حصول کےلئے سرگرم ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے اپوزیشن میں تاحال فوجی عدالتوں کے معاملے پر کوئی دوٹوک انداز میں واضح موقف پر اتفاق نہیں ہو سکا ۔ سر کر د ہ ارکان پارلیمنٹ ترمیم پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ منگل یا بدھ کو متحدہ حزب اختلاف کا اجلاس متوقع ہے۔ نیب کے معاملات پر مشترکہ لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔ چیئرمین نیب سے ملاقات کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، حکومت اپوزیشن کا فوجی عدالتوں کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں مشاورتی اجلاس متوقع ہے۔ آج سے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی شروع ہو رہا ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے ارکان کی نامزدگیوں سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب کےلئے اجلاس بھی ہو گا۔ آئندہ ہفتے سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے دو ارکان سبکدوش ہو جائیں گے۔ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ارکان کی نامزدگی پر آئین کے تحت بامعنی مشاورت ہو گی جس کی کمیٹی باضابطہ منظوری دے گی۔آئین کے تحت بامعنی مشاورت کے نتیجہ میںہر رکن کےلئے تین نام کمیٹی کو ارسال کیے جائیں گے اتفاق رائے نہ ہونے پر وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف براہ راست اپنی سفارشات کمیٹی کو بھیج دیںگے۔وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں بامعنی مشاورت کا یہ انتہائی دلچسپ عمل رہے گا کیونکہ وزیراعظم متعدد بار اپوزیشن لیڈر پر نیب مقدمات کی وجہ سے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔(رپورٹ، جے ٹی این آن لائن )

Leave a Reply