وفاقی حکومت جیالوں کو مت للکارے ، سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے حکمرانوں کی نہیں ، بلاول بھٹو

Spread the love

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے وفاقی حکومت ہمارے خلاف سازشیں کررہی ہے ،اسلام آباد پر چڑھائی کی تو حکومتی تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے، میرٹ پروفاقی حکومت مرادعلی شاہ کا مقابلہ نہیں کر سکتی ، تحریک انصاف کو دھاندلی کرکے حکومت ملی، ہمیں عوام کی خدمت کر نے کی سزا دی جارہی ہے ،ہم کسی جعلی جھوٹی جے آئی ٹی کو نہیں مانتے، پیپلزپارٹی کے جیالوں کو مت للکاریں، حکومت جتنا آگے جارہی ہے ملک اتنا ہی پیچھے جا رہا ہے، معیشت کا برا حال ہوگیا ہے، عوام مہنگائی سے تنگ ہیں، ملک میں غریبوں کے گھر کے چولہے ٹھنڈے ہورہے ہیں ، حکومت سوچ رہی ہے ،18 ویں ترمیم ختم کر کے انہیں فائدہ ہوگا،خان صاحب اصولوں کی سیاست سے پہلے سیاست کے اصول تو سیکھو، سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے اور میچ میں امپائر کی انگلی،ای سی ایل اور جیل کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، تم تو کٹھ پتلی ہو تم تو بے نامی وزیر اعظم ہو۔ہفتہ کو کوٹری میں جامشورو برج اور کوٹری فلائی اوور برج کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا سندھ حکومت نے گورننس اور ڈلیوری کو ترجیح بنایا۔ہم نے تھر کے لوگوں کو روزگار اور پورے سندھ میں مفت طبی سہولت دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے حکومت تو حاصل کرلی لیکن عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے صرف اور صرف عوام کی خدمت کی ہے اور ہمیں عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔ سندھ کے لوگ پیپلزپارٹی سے محبت کرتے ہیں، جنہوں نے 50 لاکھ گھر دینے تھے انہوں نے لوگوں کے سر سے چھت تک چھین لی ہے۔ منتخب حکومت کے 6 ماہ کے دوران بیرون ملک سے 10 ارب 72 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔ حکومتی وزیر کہتے ہیں مہنگائی کم ہوئی ہے جبکہ عوام 2 وقت کی روٹی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔انہوں نے وفاقی حکومت پر الزام لگایا کہ انہوں نے سندھ کا پانی اور بجلی بند کردیا ہے۔ حکومت کو پگڑیاں اچھالنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔ پیپلز پارٹی انتقامی سیاست کا کڑا مقابلہ کرے گی۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہاآپ کی آنکھوں پر غرور کی پٹی اور دماغ طاقت کے نشے میں ہے، دل بے حسی سے پتھر ہوچکا ہے، آپ کو نہ نظر آرہا ہے نہ سنائی دے رہا ہے اور نہ محسوس ہورہا ہے۔ سندھ کے عوام کو سزا دے رہے ہو کہ وہ بھٹو کے وفادار ہیں ،ہمارے صبر کا امتحان نہ لو، تم سے پہلے بھی بہت فرعون آئے، ان کے انجام سے سبق سیکھو، ہم ای سی ایل اور جیل کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، تم تو کٹھ پتلی ہو تم تو بے نامی وزیر اعظم ہو۔سندھ کے عوام واحد ہیں جنہوں نے اپنا ووٹ چوری نہیں ہونے دیا۔

Leave a Reply