0

وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، شاہ محمود

Spread the love

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی، پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی بے پناہ گنجائش موجود ہے،۔ پیر کو وزیر خارجہ نے قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا قطر کا یہ دو روزہ دورہ ہے۔ قطر میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد برسرروزگار ہے، وزیراعظم مزید پاکستانی افرادی قوت بھجوانے پر بات کریں گے۔ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد، نئی تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں کیلئے افرادی قوت درکار ہے،پڑھے لکھے پاکستانیوں، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کے ہنرمندافراد قطربھجوانے پر بات ہوگی۔ پاکستانی افرادی قوت کو قطر میں روزگار ملنے سے ملک کے فارن کرنسی ریزورز میں بھی اضافہ ہوگا۔ دورے کے دوران قطر کے ساتھ زرعی مصنوعات کی تجارت میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا، چھ ماہ میں قطر کے ساتھ پاکستان کی تجارت میں اضافہ ہوا، اس میں مزید اضافے کے امکانات موجود ہیں، قطر سے پاکستان کی ایل این جی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، مزید سہولیات اور بہتر شرائط کار پر بات چیت ہوگی۔پاکستان افغانستان میں مصالحتی عمل میں قطر کے کردار کو سراہتا ہے ۔قطر کی قیادت سے افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ اسلامی دنیا میں مفاہمت اور غلط فہمیوں کو دورکرنے میں پاکستان کے کردار پر بھی بات ہوسکتی ہے۔قبل ازیں پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات چین ،پاکستان اقتصادی راہداری سمیت دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی سفیر یائو جنگ نے کہا چین پاکستان دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں جڑ پکڑ چکی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا میری اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے بیجنگ اور کابل میں ہونے ہونے والی ملاقاتیں کافی سود مند رہیں ۔ ہم نے دوطرفہ باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے، پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ۔ پاکستان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں چین کی معاونت کا خیر مقدم کرتا ہے ۔

Leave a Reply