imran khan and naeem ul haq 60

نعیم الحق دیرینہ دوست، انکا انتقال بڑا دھچکا، وزیراعظم عمران خان

Spread the love

لاہور، اسلام آباد(جتن آن لائن سٹاف رپورٹرز) وزیراعظم عمران خان تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ ساتھی اور معاون خصوصی نعیم الحق کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے نعیم الحق کیساتھ اپنی یادگار تصویر شیئر کی اور کہا انہیں اپنے دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر دھچکا لگا ہے، وہ پی ٹی آئی کے 10 بانی ارکان میں سے ایک اور سب سے وفادار تھے۔ مزید پڑھیں

نعیم الحق کا خلا کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔ عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کی 23 سالہ جدو جہد میں نعیم الحق ہر مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور ہر طرح پارٹی کی مدد کی۔ گذشتہ 2 سالوں میں نعیم الحق نے ہمت و بہادری کےساتھ کینسر کا مقابلہ کیا۔عمران خان کے مطابق نعیم الحق آخری وقت تک پارٹی معاملات میں شامل رہے اور جب تک ممکن تھا کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شر یک ہوتے رہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نعیم الحق کا خلا کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔

حق مغفرت فرمائے، اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بھی نعیم الحق کی وفات پرگہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ صدرمملکت عارف علوی نے نعیم الحق کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کےلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

نعیم الحق پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، انتقال بڑا نقصان، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے بھی نعیم الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ نعیم الحق کی بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں نعیم الحق پا رٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، پارٹی مخلص و دیرینہ ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔ نعیم الحق کی پارٹی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

پی ٹی آئی کیلئے نعیم الحق کی خدمات ناقابل فراموش، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی نعیم الحق کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا اور کہا وزیراعظم عمران خان تحریک کے ایک انتہائی قابل اعتماد ساتھی اور دیرینہ دوست سے محروم ہو گئے، نعیم الحق کی تحریک انصاف کےلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی رحلت میرے لئے ذاتی صدمہ ہے۔ دکھ کی اس گڑھی میں نعیم الحق کے خاندان کےساتھ ہوں، اللہ نعیم الحق کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔

پارٹی کیلئے نعیم الحق کی خدمات تادیر یاد رہیں گی، پیر نور الحق قادری

وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق کی پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات تادیر یاد رکھی جائینگی۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور اور سوشل ویلفیئر پنجاب راجہ بشارت، سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اخترخان، پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ اورمرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے بھی پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

وزیراعظم عمران خان تعزیت

Leave a Reply