نیوزی لینڈ میں اللہ اکبر کے نعرے، وزیراعظم کا حدیث مبارکہ سے خطاب کا آغاز

Spread peace & love
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

کرائسٹ چرچ،اسلام آباد(جے ٹی این آن لائن نیوز) نیوزی لینڈ اللہ اکبر

نیوزی لینڈ میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے یکجہتی کرتے ہوئے پورے نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹی وی اورریڈیو پر براہ راست اذان نشرکی گئی- ہیگلے پارک میں جمعہ کی اذان کے بعد 2 منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی، نیوزی لینڈ کی النور مسجد کے پیش امام نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ نیوزی لینڈ کی سوچ نے شیطانی نظریے، کے تحت نقصان کی کوشش ناکام بنا دی، اورنفرت وانتہا پسندی کو شکست ہوگئی۔

مزید پڑھیں : شہباز شریف کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو خط

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو دنیا بھر کے مسلمانوں سے یکجہتی کرتے ہوئے پورے نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹی وی اورریڈیو پر براہ راست اذان نشرکی گئی۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں جمعہ کی اذان کے بعد 2 منٹ خاموشی اختیارکی گئی۔ نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور دیگر وزراء سمیت مختلف مذاہب کے افراد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پارک میں موجود رہے۔ نیوزی لینڈ میں خطبہ جمعہ میں النورمسجد کے پیش امام نے خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کیلئے نئی زندگی ثابت ہوا-

فالو کریں : جے ٹی این آن لائن فیس بُک پیج

انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ٹوٹے ہیں، لیکن ہم نہیں ٹوٹے جبکہ نیوزی لینڈ کو توڑا نہیں جا سکتا، ہم ایک ہیں اور نیوزی لینڈ کے عوام کا اظہاریکجہتی غیر معمولی ہے۔ پیش امام نے وزیراعظم نیوزی لینڈ سے اظہار یکجہتی، اوراتحاد کا مظاہرہ کرنے پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، کہ اسلام دشمنی ایک دن کی بات نہیں، آپ کی قیادت دنیا بھرکیلئے سبق ہے، کوئی ہمیں تقسیم کرے ہم ایسی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ کا حدیث پاک کی تلاوت سے خطاب کا آغاز

اس موقع پر وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے، ہیگلے پارک میں نمازجمعہ کے بعد، حضور پاکؐ کی حدیث مبارک پڑھ کرسناتے ہوئے خطاب کا آغاز کیا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے کہا، کہ حضورؐ نے فرمایا جو ایمان رکھتے ہیں، ان کی باہمی رحم دلی، ہمدردی اوراحساس ایک جسم کی مانند ہوتا ہے، اگرجسم کے کسی ایک حصے کو بھی تکلیف ہوتی ہے، تو سارا جسم درد محسوس کرتا ہے۔ وزیراعظم نے حدیث پڑھنے کے بعد مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نیوزلینڈ آپ کیساتھ دکھ میں شریک ہے، ہم سب ایک ہیں۔

پاکستانی شہید باپ بیٹے کو نیوزی لینڈ کے نوجوانوں کی منفرد سلامی

دوسری جانب کرائسٹ چرچ سانحے میں شہید ہونیوالے نعیم راشد اورطحہ نعیم کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں، میتوں کو پاکستان اورنیوزی لینڈ کے قومی پرچموں میں لپیٹا گیا۔ اس موقع پرنعیم راشد کی والدہ، بیوہ اوربھائی بھی موجود تھے۔ دونوں شہداء جو آپس میں باپ بیٹا تھے انہیں مقامی نوجوانوں نے ہیرو کا کردارادا کرنے پر منفرد اندازمیں خراج تحسین پیش کیا ۔ نوجوانوں نے ماؤری قبائل کا جنگی رقص ’’ ہاکا‘‘ پیش کیا، جس میں نوجوان سینہ ٹھوک کر پاؤں زمین پر مارتے اور دشمن کو للکارتے ہیں۔

8 شہید پاکستانیوں کی کرائسٹ چرچ کے قبرستان میں تدفین

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونیوالے آٹھ پاکستانی شہداء کو کرائسٹ چرچ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں غمزدہ خاندانوں کے افراد نے بھی شرکت کی۔ دونوں ممالک نے شہداء کے ورثاء کو تمام سفری سہولتیں فراہم کیں۔ شہید اریب احمد کا جسد خاکی چند روز میں پاکستان لایا جائے گا۔

نیوزی لینڈ اللہ اکبر

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

Leave a Reply