مودی امن کوموقع دیں،میں اپنے موقف پر قائم ہوں،عمران خان

Spread the love

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مودی کو چاہیے وہ امن کو ایک اور موقع دیں۔ بھارتی وزیر اعظم مودی کے بیان پر ردعمل میں وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں،

بھارت پلوامہ حملے سے متعلق قابل عمل معلومات دے تو فوری کارروائی کریں گے ۔ وزیراعظم ہائوس سے جاری ایک بیان کے مطابق عمران خان نے مزید کہا دسمبر 2015 میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں ہم نے اتفاق کیا تھا ہمارے خطے سے غربت کو ترجیحی بنیادوں پرختم ،کسی دہشت گردی کے واقعے کو امن عمل کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا بھارت میں انتخابات کے باعث بدقسمتی سے اب امن بدستور خطرے میں ہے’۔ انہوں نے خطے میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم اور خواہش کوپھردہرایا۔

قبل ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ایک بیان میں عمران خان سے کہا تھا اپنے الفاظ پر ایک پٹھان کی طرح قائم رہیں اور آپس میں ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے بھارت کے ساتھ مل کر غربت اور ناخواندگی کے خلاف لڑیں۔

بھارتی ریاست راجستھان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا پاکستان میں ایک نئے وزیراعظم ہیں اور میں نے ملاقات میں انہیں کہا تھا پاکستان اور بھارت کئی مرتبہ لڑے اس سے آپ کے ملک میں کوئی بہتری نہیں آئی تو کیوں نہ ہم غربت اور ناخواندگی کے خلاف مل کر لڑتے ہیں۔

واضح رہے 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد سے بھارتی حکمرانوں اور میڈیا نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے اور پاکستان کے خلاف نفرت انگیز اور دھمکی آمیز بیانات داغے جا رہے ہیں۔

تاہم پاکستان اس حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کو یکسر مسترد کرچکا ہے اور وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ اگر بھارت کے پاس ٹھوس شواہد ہیں تو پاکستان کو پیش کرے وہ خود ذمہ داران کیخلاف کارروائی کریں گے۔

Leave a Reply