مقبوضہ کشمیر، پاکستان نے سلامتی کونسل کے در پر دستک دیدی

Spread the love

اسلام آباد ( جے ٹی این آن لائن سٹاف رپورٹر) مقبوضہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے حالیہ اقدامات کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے

پیش نظر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے

کے لیے خط لکھ دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پارلیمنٹ کے

مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کے غیر آئینی اقدامات کو اقوام متحدہ

کی سلامتی کونسل میں لے کر جانا چاہیے، پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے ان

سفارشات پر غور کیا اور اپنا فیصلہ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم

عمران خان کی سربراہی میں کابینہ کا خصوصی اجلاس بلوایا گیا، کابینہ نے

فیصلے کی توثیق کی اور وزارتِ خارجہ کو حکم دیا کہ اس مسئلے کو سلامتی

کونسل میں لے جانے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے فیصلہ کیا

فی الفور چین جاؤں اور چینی حکام سے اس معاملے پر مشاورت کروں، چینی

حکام کو قائل کرنے اور اپنا موقف سمجھانے میں کامیابی ہوئی اور چین نے

پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے

کہ چین سمجھتا ہے بھارت کا حالیہ اقدام غیر آئینی، یکطرفہ اور اقوام متحدہ کی

سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔ جس پر صدر سلامتی کونسل کو خط

ارسال کر دیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سلامتی کونسل کا خصوصی

اجلاس طلب کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری نماز،قربانی سے محروم، آرمی چیف اور شاہ محمود کا سچ

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے خط سلامتی کونسل کی

صدر کو بھجوایا۔ ہم نے خط میں درخواست کی ہے کہ یہ خط فی الفور سلامتی

کونسل کے تمام اراکین تک پہنچایا جائے اور خصوصی اجلاس میں بھارت کے

غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی اقدامات کو زیر بحث لایا

جائے۔ بھارت کے حالیہ اقدامات نے خطے بلکہ عالمی امن کو خطرے میں ڈالا

ہے۔ اگر بھارت سمجھتا ہے کہ طاقت سے کشمیریوں کی تحریک کو کچل دے گا

تو یہ اْس کی خام خیالی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 7 لاکھ فوج انہیں زیر نہ

کر سکے تو ایک لاکھ اسی ہزار کی نئی کمک بھی ناکام ٹھہرے گی۔ بھارتی وزیر

خارجہ کہہ رہے ہیں یہ اقدام کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھایا ہے، اگر یہ

اقدام کشمیریوں کی فلاح کیلئے ہیں تو پھر 9 دنوں سے وہاں کرفیو کیوں ہے؟ اگر

ہندوستان سمجھتا ہے وہ جارحیت کرے گا اور پاکستان خاموش رہیگا تو یہ اسکی

غلط فہمی ہے، ہم اپنے دفاع میں ہر حد تک جا سکتے ہیں، 27 فروری کو اس کا

عملی مظاہرہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وزیراعظم عمران

خان مظفرآباد میں پاکستان کا مؤقف آزاد کشمیر کے منتخب نمائندوں کے سامنے

رکھیں گے۔

مقبوضہ کشمیر

Leave a Reply