معلم جلاد بن گیابچوں پر وحشیانہ تشدد، پولیس نے گرفتار کرلیا

Spread the love

پولیس نے مسجد میں بچوں پر تشدد کرنے والے معلم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسے حراست میں لے لیا،ویڈیو میں معلم کو بچوں پر پائپ برساتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس نے تشدد کرنے والے معلم کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع مسجد میں ناظرہ قرآن کی تعلیم کے لیے آنے والے بچوں پر استاد کی جانب سے بدترین تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایس ایس پی حیدرآباد نے اس کا نوٹس لیا جس کے بعد معلم کو حراست میں لے لیا گیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معلم بچوں کو پائپ سے مارتا ہے اور ایک نمازی اسے مارنے سے منع کرتا ہے جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوتی ہے۔نمازی کی جانب سے منع کیے جانے کے باوجود معلم کہتا ہے کہ آپ نماز پڑھیں، جان سے بھی مار دوں تو کوئی کچھ نہیں کہے گا جس کے بعد معلم بچوں کو دوبارہ مارتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویڈیو بنانے والا شخص ایک بچے سے پوچھتا ہے کہ کیا آپ کو سبق یاد نہ کرنے پر مارا جارہا ہے جس پر بچے نے کہا کہ وہ 2 روز سے مدرسے نہیں آیا تھا۔بچوں پر تشدد کرنے والے استاد کی شناخت شبیر احمد ولد غلام حسین کے نام سے ہوئی ہے اور ایس ایس پی حیدرآباد نے بھی تصدیق کی ہے کہ بچوں پر تشدد کرنے والے معلم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

Leave a Reply