معاشی استحکام کیلئے چین نے پاکستان کو 2ارب ڈالر دینے کا فیصلہ کر لیا،فنانشل ٹائمز

Spread the love

چین نے پاکستان کے گرتے ہوئے زر مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کیلئے 2ارب ڈالر دینے کا فیصلہ کر لیا ، رقم روپے کی گرتی ہوئی قدراور پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ منگل کو برطانوی جریدے ’’فنانشل ٹائمز‘‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے چین نے پاکستان کو دو ارب ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے گرتے ذخائر کو رو کنے اور روپے کی قدر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، چین نے ایسے وقت میں پاکستان کو یہ رقم دینے کا فیصلہ کیا ہے جب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قائم ہونیوالی نئی حکومت کمزور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، پاکستانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اخبا ر سے بات کرتے ہوئے بتایا چین کی جانب سے رقم دینے کا فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ دوست ملک پاکستان کو کسی بھی قسم کے معاشی بحران کا شکار نہیں ہونے دے گا۔ رپورٹ میں کسی بھی چینی عہدیدار کا موقف شامل نہیں کیا گیا،چین کی جانب سے مالیاتی امداد دونوں مما لک کے مابین وسیع تر معاشی تعلقات کو ظاہر کرتی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان آئی ایم ایف سے 7سے 8ارب کا مالیاتی پیکیج حاصل کرنے کیلئے بھی مذاکرات کر رہا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چین نے مالیاتی امداد پاکستان کو دینے کا اعلان اسلئے نہیں کیا کہ امریکہ دو نو ں ممالک کے مابین اس مالیاتی پیکیج کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار نہ کرے۔

Leave a Reply