لٹیروں کواین آراو، ملک سے غداری

Spread the love

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کسی کرپٹ کو این آر او نہیں دینگے، این آر او دینا ملک سے غداری ہو گی، ملک کو دیوالیہ کرنیوالوں کو نہیں چھوڑیں گے،

دو این آر او نے ملک کو تاریخی نقصان پہنچایا، مشرف نے اپنی کرسی بچانے کیلئے این آر او دیا، نواز شریف اور پیپلز پارٹی کو این آر او دیکرمعاف کیا گیا، اسمبلی چلانے کیلئے جتنی کوشش کرنی تھی کرلیں،

کسی کرپٹ کو رعایت نہیں دینگے، اسمبلیوں میں صرف شور مچایا جاتا ہے، نیب کیسز بھگتنے والے نیب کو طلب کررہے ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ 5ماہ میں 3وزراء نے استعفیٰ دیا ہے،

موجودہ حکومت صحیح معنوں میں احتساب کرے گی، ننکانہ صاحب میں گرونانک یونیورسٹی بنائیں گے۔ وہ ہفتہ کو بلوکی میں پلانٹ فار پاکستان شجر کاری مہم اور وائلڈ لائف پارک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا این آر او کیا ہوتا ہے؟اس کا مطلب ہے بڑے مجرموں کو معاف کر دو، ملک مقروض ہونے کی وجہ دو این آر اوز ہیں،

حدیبیہ پیپرز مل میں اسحاق ڈار نے بتا دیا تھا نواز شریف نے پیسہ کہاں سے لیا اور کہاں لے گیا، این آر او کے ذریعے انہیں باہر جانے دیا گیا جس میں امریکہ کا دبائو بھی شامل تھا،

دوسری جانب قومی خزانے سے آصف زرداری کے سوئس بینک اکائونٹس پر تحقیقات کیلئے دو ارب روپے خرچ ہوئے سرے محل پر حکومت کیس جیت گئی لیکن امریکہ کے بیچ میں پڑنے کی وجہ سے این آر او ہوا اور سرے محل اور پیسے بھی رکھ لئے گئے،

سوئٹزرلینڈ کے دو ارب خرچ ہونے والی رقم کو بھی چھوڑ دیا گیا، ان دو این آر او کی وجہ سے طاقتور لوگوں نے سمجھا جتنی مرضی کرپشن کرلیں کوئی پوچھنے والا نہیں،

2002ء سے 2018ء تک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے حکومت کی اور ملک کو 30ہزار ارب روپے کا مقروض کرگئے،اگر قرضے لیتے رہے تو خسارہ بڑھے گا، مشکلات اور مہنگائی بڑھے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہم نے کسی کو نہیں چھوڑنا، یہ کبھی نہیں ہوا بندہ جیل سے آئے اور پی اے سی کا چیئرمین بن جائے۔ انہوں نے آصف زرداری کا نام لئے بغیر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کبھی کسی نے نہیں سنا ہو گا مرے ہوئے لوگوں کے اربوں روپے نکل آئے ہوں یا دبئی میں نوکروں کے پانچ پانچ محل نکل آئے ہوں،

عمران خان نے کہا بلوکی میں قبضہ گروپوں اور طاقتور لوگوں سے زمینوں پر قبضے چھڑوا کر جنگلات اگا رہے ہیں درخت لگانا شوق نہیں بلکہ زندگی اور موت کا سوال ہے،

ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان دنیا کے آٹھویں نمبر پر ہے، اگر اسی طریقے سے ماحولیاتی تبدیلیاں ہوتی رہیں تو آنے والی نسلوں کورہنا مشکل ہو جائے گا،

وزیراعظم نے پنجاب میں جنگلات کی لیز پر دی گئی زمین فوری واپس کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں، جنگلات کی زمین کیسے لیز پر دی جا سکتی ہے۔

Leave a Reply