فیصل آباد(بیورورپورٹ)سرگودھا روڈ پر واقع ایک نجی ٹیکسٹائل ملز کا بوائلر
اوورہیٹ ہونے کے باعث پھٹ گیا اور عمارت گرنے کے باعث ملبہ کے نیچے آکر
4مزدور جاں بحق ہو گئے جبکہ 11زخمی ہو گئے جن میں 3مزدوروں کی حالت
تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سمانہ پل کے قریب واقع ایم اے
ٹیکسٹائل ملز کا بوائلر اوورہیٹ ہونے کے باعث پھٹ گیا۔زوردار دھماکے سے ملز
کی چھت گر گئی جس کے نیچے دب کر ایک ہی خاندان کے 2افراد میں سے باپ
جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیااور دیگر شہروں سے آئے مزدور بھی زخمی ہو
گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کی امدادی ٹیموں نے ملبہ کے نیچے سے
خانیوال کے رہائشی 20سالہ محمد یونس‘سمانہ پل کے رہائشی 40 سالہ
سجاول‘35سالہ اللہ دتہ‘35سالہ عرفان‘35سالہ طارق‘50سالہ اکبر‘ اوکاڑہ
کے30سالہ سکندر‘سمانہ پل کے35سالہ اللہ دتہ‘ 40 سالہ ا رشاد علی‘35سالہ
رزاق‘38سالہ شیر علی‘ لیاقت علی‘ محمدعرفان‘ کاشف اور عبدالرزاق کو شدید
زخمی حالت میں نکالا تاہم اس دوران طبی امداد ملنے سے قبل ہی لیاقت‘محمد
عرفان اور کاشف موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ عبدالرزاق ہسپتال منتقل
کرنے کے دوران دم توڑ ہو گیا۔ زخمیوں میں 3مزدوروں کی حالت انتہائی
تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ 3مزدوروں کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے
ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔نجی ٹیکسٹائل ملز میں بوائلر پھٹنے کی اطلاع ملنے پر
ریسکیو 1122کی گاڑیاں بروقت موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو 1122کے
اہلکاروں نے بڑی جانفشانی کے ساتھ کام کرتے ہوئے ملبہ کو ہٹاتے ہوئے
مزدوروں کو شدیدزخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کیا ۔اس آپریشن کے
دوران ریسکیو 1122کی 12گاڑیوں اور 50اہلکاروں نے حصہ لیا ۔