65

پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری قاتلانہ حملے میں جاں بحق

Spread the love

نوشہرو فیروز(جتن آن لائن نیوز رپورٹر) شہناز انصاری قتل

پاکستان پیپلز پارٹی کی معروف خاتون رکن سندھ اسمبلی محترمہ شہناز انصاری قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئیں۔ مزید پڑھیں

خاتون ایم پی اے بہنوئی کے چالیسویں میں شریک تھیں

تفصیلات کے مطابق شہناز انصاری بہنوئی کے چالیسویں میں شریک تھیں کہ مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں تشویشناک حالت میں نوابشاہ ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکیں۔ شہناز انصاری کے جسم میں تین گولیاں لگیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کے بہنوئی کا اپنے بھائیوں کیساتھ ملکیت کا تنازعہ تھا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ مرحوم بہنوئی ڈاکٹر زاہد کھوکھر کے بھائیوں نے ایم پی اے شہناز انصاری کو گاؤں میں آنے سے منع کررکھا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے رپورٹ طلب کر لی، مقتولہ کا اراضی تنازعہ چل رہا تھا، پولیس حکام

وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے ایم پی اے شہناز انصاری پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں حکم دیا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی کے قتل میں ملوث حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ادھر تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والی ایم پی اے پر فائرنگ چھوٹی بہن کے دیور نے کی، دیور وقار فائرنگ کر کے فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ چھوٹی بہن کا سسرالیوں سے جگہ کے تنازع پر جھگڑا چل رہا تھا، خاتون ایم پی اے بہن کے شوہر کے انتقال پر سسرالیوں کے گھر گئیں تھیں۔ جگہ کہ تنازعے پر خاتون ایم پی اے کو مقدمہ درج کرانے کو کہا تھا۔

بلاول بھٹو ، آصف زرداری کا شدید اظہار افسوس ، تین روزہ سوگ کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوں، وہ ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔ شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں اور قاتلوں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچایا جائے، غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے سوگوار اہلخانہ کے ساتھ ہوں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی ایم پی اے کے قتل پرشدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

قاتلوں کو چھوڑینگے نہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے، سعید غنی، چانڈیو

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ واقعے کی انکوائری کے بعد ملزمان کیخلاف ایکشن ہو گا، اس قتل میں جو بھی ملوث ہوا اس کیخلاف سخت کارروائی کریں گے۔ ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے ایم پی اے شہناز انصاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قتل پر صدمہ ہوا، شہناز انصاری مخلص جیالی اور دلیر خاتون تھیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سندھ حکومت قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائے گی۔

Leave a Reply