سوڈان،حکومت مخالف خواتین ریلی پر زہریلی گیس کا استعمال

Spread the love

سوڈان میں پولیس نے دارالحکومت خرطوم میں حکومت کے خلاف نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا اور زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی ۔

غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق خواتین نے ریلی کے دوران حکومت کے خاتمے، خواتین کے تمام بنیادی حقوق کی فراہمی اور صدر عمرالبشیرکو ہٹانے کے حق میں نعرے بازی کی۔

خیال رہے سوڈان میں 19 دسمبر 2018 سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب حکومت کے خلاف تحریک میں تبدیل ہو رہا ہے۔ مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

گذشتہ روز خرطوم اور دریائے نیل کے کنارے دوسرے بڑے شہر ام درمان میں خواتین نے ریلیاں نکالیں۔ پولیس نے کریک ڈاون کرکے متعدد خواتین کو حراست میں لے لیا اور گاڑیوں میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔

خواتین نے خرطوم میں ایک بڑی جیل کی طرف بھی مارچ کیا تاہم پولیس نے انہیں جیل کے قریب نہیں آنے دیا۔

موجودہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ایک طرف پولیس مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کررہی ہے اور دوسری طرف حکومت اور صدرعمر البشیر قومی مصالحت کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے زیرحراست مظاہرین کو رہا کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے مگر فی الحال بہت سے لوگ پولیس کی حراست میں ہیں۔

Leave a Reply