سعودی ولی عہد آج آئیں گے،معزز مہمان کو وزیراعظم عمران خان خود گاڑی چلا کرپی ایم ہائوس لائیں گے

Spread the love

اسلام آباد(جے ٹی این آن لائن) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر آج اتوارکو پاکستان پہنچیں گے،انکے ہمراہ شاہی خاندان کے اہم افراد کے ساتھ وزرا اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک بڑا وفد بھی ہوگا

وزیراعظم عمران خان کابینہ سمیت سعودی ولی عہد کا استقبال کریں گے ، معزز مہمان کو ائیرپورٹ سے وزیراعظم ہاؤس لایاجائیگا ،وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی گاڑی خود چلائیں گے،

معزز مہمان کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر اور21 توپوں کی سلامی دی جائیگی ۔ ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کے طیارے کو پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی پاکستانی لڑاکا طیارے حصار میں لے لیں گے اور ان کا جہاز لینڈنگ تک حصار میں رہے گا،

سعودی ولی عہد کا طیارہ نور خان ایئر بیس پر لینڈ کریگا۔ سعودی طیارے پاکستان میں داخل ہوتے ہی کمرشل پروازیں معطل کردی جائیں گی ۔نور خان بیس اور ملحقہ بے نظیر ائیرپورٹ سے تمام نجی طیاروں کو ہٹادیا گیا ہے .

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات صدر مملکت عارف علوی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ہوگی ۔

محمد بن سلمان کے ہمراہ آنے والے سعودی وزرا بھی اپنے ہم منصب حکام سے ملیں گے اور مذکورہ شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

سعودی کاروباری شخصیات بھی پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گی اور دونوں ممالک میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ڈھونڈے جائیں گے۔

سعودی ولی عہد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا جہاں وزیراعظم، آرمی چیف، تمام وزرا، بیوروکریٹس اور ملک کی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ وفد میں شامل شاہی خاندان کے افراد بھی شریک ہوں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سائنس، انفارمیشن اور میڈیا سمیت مختلف جوائنٹ گروپس کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

حکومت کی جانب سے سعودی ولی عہد کا فقید المثال استقبال کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کی تصاویر پر مبنی خیر مقدمی بینرز اسلام آباد کی اہم شاہرائوں پر آویزاں جبکہ شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔

ولی عہد کی تصاویر کیساتھ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان باضابطہ ملاقات بھی آج ہی کو ہوگی جبکہ ملاقات کے بعد شام کو دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

صدرعارف علوی سعودی ولی عہد کے اعزازمیں ایوان صدر میں ظہرانہ دیں گے۔ سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا، ظہرانہ میں وزراء اور اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔

سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس میں ہی عمران خان عشائیہ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور سینیٹ کے وفد کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی ،

Leave a Reply