0

سعودی عرب کے ساتھ معاشی پیکیج کے معاملات مسلم لیگ ن کے دور میں طے پائے تھےشہباز شریف

Spread the love

احتساب عدالت کے جج سیدنعیم الحسن بخاری نے آشیانہ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاںشہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر ایک ایک کروڑ کے ضمانت نامے داخل ہونے پر ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی ہے۔احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں میاں شہباز شریف کی روبکار جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھجوادی۔احتساب عدالت میں میاںشہباز شریف کے ضمانت نامے رانا مبشر اور چودھری رضوان نے جمع کرائے ہیں، مچلکوں پر تصدیق محمد جاوید اور عبدالجبار نے کی ،میاںشہباز شریف کی ضمانت ایک روز قبل عدالت عالیہ منظور کرتے ہوے مذکورہ بالا مچلکے ماتحت عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا،واضح رہے کہ میاںشہباز شریف کو عدالت آشیانہ کیس میں 18فروری کو فرد جرم کے لیے طلب کر رکھا ہے۔دریں اثنا محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورمعززسعودی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں،ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے، پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے۔ ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کیلئے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاشی پیکیج بہت فراخدلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کیلئے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس معاشی پیکیج پرسعودی عرب کیساتھ معاملات طے پائے تھے جس کا ثمر الحمد اللہ آج پاکستان کو مل رہا ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مکہ اور مدینہ شریف کے مقدس مقامات سعودی عرب کو ہر مسلمان کیلئے خاص بناتے ہیں،حجاز مقدس کے حوالے سے ہر مسلمان بالخصوص پاکستانی اپنے دل میں سعودی عرب کا خصوصی احترام اور الفت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا اظہارکیا تو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا،پاکستان پر پابندیاں لگائیں گئیں تو سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی۔

Leave a Reply