0

سانحہ ساہیوال،وزر اعظم جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے تیار،متاثرین کی آمادگی کا انتظار

Spread the love

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا عندیہ دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں ان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی اور سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔بعدازاں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں عثمان بزدار نے انہیں پولیس اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نےعثمان بزدار کو سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ہدایت کی اور کہا متاثرہ خاندان کی بات سنی جائے اور اگر وہ لوگ جوڈیشل کمیشن پر مطمئن ہوتے ہیں تو اس پر غور کیا جائے جب کہ اس فیملی کے ساتھ پولیس کے رویے کی بھی نگرانی کی جائے۔ وزیراعظم نے متاثرہ خاندان میں ایک کینسر زدہ مریض کے علاج کی بھی خصوصی ہدایت کی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار آج سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی سے ملاقات کرینگے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کے انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پنجاب سپیشل اسٹرٹیجی کی منظوری دیتے ہوئے کہا عوام کی فلاح کے لیے انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو کی اشد ضرورت ہے اور وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ پنجاب میں سینئر بیوروکریٹس کو اہم وزارتوں کی ذمہ داری دی جائے گی جن کے ذریعے اہم فیصلے کیے جائیں گے، وزیراعظم نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے جلد قانون سازی کرنے کی ہدایت کی۔

Leave a Reply