0

زرداری کا تحریک چلانیوالا فیوز اُڑا ہوا ہے، شیخ رشید

Spread the love

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز اڑا ہوا ہے،سراج درانی کی گرفتاری پرسندھ میں ایک مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔ زرداری چاہتے ہیں کہ ان کا کیس کراچی میں لگے، شریف برادران چاہتے ہیں کہ ان کا کیس لاہور میں لگے۔ شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا، میں اکاونٹس کمیٹی کا ممبر ہوں، جس دن چاہوں اجلاس میں چلا جاوں گا۔لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یہ ایسی بیماری ڈھونڈ کر لاتے ہیں جس کا علاج برطانیہ میں ہو، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ انہیںکھلی فضا میں رکھو، انہیں لال حویلی منتقل کر دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے جنگ کے 70فیصد امکانات پیدا کیے، وہ 4 ریاستوں میں ناکامی کے بعد پاکستان سے جنگ کی باتیں کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ مودی سرکاراپنے دیش میں آگ لگانا چاہتی ہے جس سے ان کا سارادیش جل جائے، اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو سارا قرض چکتا کر دینگے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جنا ح ایکسپریس کو کراچی کینٹ سے لاہور کینٹ تک اور لاہور کینٹ سے کراچی کینٹ تک وی آئی پی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ٹرین کا کرایہ 7ہزار روپے ہو گا اس میںہم کمپلیمنٹری فوڈ دیں گے ،یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی نان سٹاپ ٹرین ہو گی جو 14سے 15گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کرے گی ۔ اس کے علاوہ ہم ٹریکنگ سسٹم کے ساتھ کال سینٹر اور کال سینٹر کے ساتھ کمانڈ اور کنٹرول سسٹم لاہور ہیڈ کوارٹر میں کھولنے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ریلوے کی تمام اراضی اور اس کی لیز کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے ۔ اس سسٹم کے تحت آپ لوگ اور آفیسرز موبائل فون سے بھی دیکھ سکیں گے کہ کس نے کتنا کرایہ دیا ہے ، کس نے نہیں دیا، کس کا قبضہ ہے تما م تجاوزات کابھی دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ دومزید ٹرینیں چلائی جائیں گی ایک ٹرین پشاور ، نوشہرہ، مردان اور درگئی تک چلانے کا فیصلہ کیا ہے یہ سیکشن دس پندرہ سال سے بند تھا ۔درگئی اور مردان سے بہت سارے مزدور کراچی جاتے ہیں۔ پشاور ، نوشہرہ، مردان ، درگئی تک اس ٹرین کو کراچی سے لنک کریں گے اور دوسری ٹرین بنوں سے کوہاٹ اور ٹل تک چلائیں گے جس میں کچھ وقت لگے گا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی سے لاہور چلنے والی جناح ایکسپریس نان اسٹاپ ٹرین ہوگی، پشاور سے کراچی کے لیے بھی ٹرین چلائی جائے گی، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہماری پہلی پسنجر ٹرینوں کی آمدن 2.4بلین زیادہ ہے ، ہمارا مقصدہے کہ ہم اپنے اخراجات اور فیول کے اخراجات کو کم کر کے 10بلین کے ٹارگٹ کو حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں میرٹ پر بھرتی ہوگی اور ریلوے ملازمین کو ایک سکیل بھی دیں گے۔

Leave a Reply