ریاستِ مدینہ کی پیروی کے دعویدار حکمران بتائیں سانحہ ساہیوال کا ذمہ دار کون؟ پاکستان پیپلز پارٹی

Spread the love

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال واقعہ پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے تحریک انصاف نے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ، سانحہ ساہیوال پیغام ہے نئے پاکستان میں شہری بال بچوں کےساتھ گھروں سے باہر نا نکلیں، بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، اتنے بڑے سانحے کے بعد حکومت لاپتہ ہوگئی۔ اتوار کو سانحہ ساہیوال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پولیس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورکہا ریاست مدینہ میں دریائے نیل کے کنارے مرنے والے کتے کی ذمہ داری خلیفہ وقت اٹھاتا تھا، ریاستِ مدینہ کی پیروی کے دعویدار آج کے حکمران بتائیں سانحہ ساہیوال کا ذمہ دار کون ہے۔نیازی سرکار کی تحقیقات پر کسی کو اعتماد نہیں، ایس ایس پیز اور آئی جیز کوتبدیل کرنےوالوں سے انصاف نہیں ہوگا۔نئے پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو کردیا گیا ہے اور ٹوئٹر والی سرکار دروغ گوئی اور مخالفین پر الزام بازی کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتی۔ادھر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے ساہیوال واقعے میں حکومت کی بے حسی نظر آتی ہے، وزیراعظم کوقوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ مقتولین کو دہشت گرد کہنے والے وزرا ءسے بھی استعفیٰ لیا جائے، ایسی سخت کارروائی کی جائے کہ دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آ سکے۔ کیا بچے بھی دہشت گرد ہو سکتے ہیں،واقعہ افسوسناک اور پیش آ نیو ا لے حقائق سب کے سامنے ہیں تو پھر جے آئی ٹی بنانے کی کیا ضرورت ہے۔ ملک میں مضبوط عدالتی نظام موجود ، دہشتگردی کے دوران فوجی عدالتوں کو سپورٹ کیا اب امن قائم ہو چکا اور حکومت بھی طاقتور ہو چکی ہے اب فوجی عدالتوں کی ضرورت نہیں۔

Leave a Reply