حکومت نے ملک بھر کے سپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کر لیا

Spread the love

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ٹاسک فورس کے اجلاس میں ملک بھر کے سپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی ایم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے سپورٹس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیر دفاع پرویز خٹک، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخاردرانی، اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہاکی، کرکٹ، سکواش سمیت تمام کھیلوں سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹاسک فورس نے وزیراعظم کو ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے سفارشات پیش کیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے شعبے میں ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت، بدانتظامی اور سہولتوں کے فقدان سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں پیچھے رہ گیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔اعلامیے کے مطابق کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے آخر تک کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply