حکمران کشمیر کاز کو بھول کر اپنی کرسی کی فکر میں ہیں، مشعال ملک

Spread the love

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہنے والے دریائوں میں کشمیریوں کا خون شامل ہے، حکمران کشمیر کاز کو بھول کر اپنی کرسی کی فکر میں ہیں،جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے، پاکستان کے دریا ئو ں میں پانی آتا رہے گا، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیا جا رہا۔ پنجاب یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ مودی کی حکومت آنے کے بعد کشمیریوں پر مظالم بڑھے، شوٹر گن کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکمران کشمیر کاز کو بھول کر اپنی کرسی کی فکر میں ہیں، کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے لیکن آپ ان کی آواز بنیں۔مشعال ملک نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کشمیر پر آرٹیکل لکھیں، کشمیر میں مہینوں کرفیو لگا دیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی تک ممکن نہیں، کشمیری نوجوانوں کی بھی خواہشات ہیں لیکن انہوں نے آزادی کیلئے قربان کر دی ہیں۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیا جا رہا۔مشعال ملک نے مزید کہا طلبہ اور اساتذہ بھارتی مظالم کیخلاف اقوام متحدہ کی ویب سائٹ سے سیکرٹری جنرل کو ای میلز بھیجیں، پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ باضمیر اور باکردار لوگ ہیں۔

Leave a Reply