جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس پاکستان کاحلف 17جنوری کو اٹھائینگے

Spread the love

جسٹس آصف سعید کھوسہ بطور نئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان 17جنوری کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے،وہ 21 دسمبر 1954 کو صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، تعلیمی قابلیت اور سب سے زیادہ فیصلے تحریر کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی سے 1975 ءمیں ماسٹر ڈگری حاصل کی، انہیں 3 مرتبہ نیشنل ٹیلنٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا،کیمبرج یونیورسٹی سے 1977ءاور 1978 ءمیں قانون کی 2 ڈگریاں حاصل کیں، 1979 میں وطن واپس آئے اور لاہور ہائیکورٹ سے وکالت کا آغاز کیا اور 1985 ءمیں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 مئی 1998 ءمیں لاہور ہائیکورٹ جبکہ 2010 ءمیں سپریم کورٹ کے جج منتخب ہوئے۔ جب سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے 7 نومبر 2007 کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے آئین معطل کیا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی ان ججز میں شامل تھے جنہوں نے ”پی سی او“ کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا۔وہ 4 کتابوں کے خالق بھی ہیں جن میں، ہیڈنگ دی کانسٹیٹیوشن، کانسٹیٹیوشنل اپولوگس، ججنگ ود پیشن اور بریکنگ نیو گراونڈ شامل ہیں، وہ قانون پڑ ھانے کا وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں ، 50 ہزار کے قریب مقدمات کے فیصلے سنا چکے ہیں،انہیں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کےخلاف تو ہین عدالت کے مقدمے سے شہرت ملی جبکہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کےخلاف پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جسٹس آصف سعید کھوسہ کو پاکستان کا 26 واں چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے چکے ہیں،وہ یکم فروری 2022 تک چیف جسٹس رہیں گے۔(رپورٹ، جے ٹی این آن لائن )

Leave a Reply