تلور شکار،خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کو مزید 12 خصوصی اجازت نامے جاری

Spread the love

وفاقی حکومت نے نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے اجازت نامے دینے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کے افراد کو مزید 12 خصوصی اجازت نامے جاری کردیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ نے جن افراد کو اجازت نامے دیے ہیں ان میں سعودی عرب کے خطے تبوک کے گورنر، شہزادہ فہد بن سلطان عبدالعزیز السعود کو بلوچستان کے ضلع آوران، نوشکی ، چاغی.

شہزادہ منصور بن محمد عبدالحمٰن السعود کو ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان اور ولی عہدشیخ محمد بن زید النہیان کو پنجگور، خاران اور ژوب میں شکار کا اجازت نامہ دیا گیا۔

یو اے ای کے صدر کے بیٹے اور سابق نائب وزیراعظم شیخ محمد بن خلیفہ بن زیدالنہیان کو لورالئی ، ابوظہبی کے حکمران کے ترجمان شیخ ہمدان بن زید النہیان کو سبی کی تحصیل لہری اور یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے ولی عہد شیخ محمد بن ہمدان بن محمد بن راشدالمکتوم کو ضلع خضدار، لسبیلہ اور چاغی میں کے شمال مغربی علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔

قطرکے شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ کو ضلع واہشک، ان کے انکل شیخ جاسم حماد بن خلیفہ کو موسیٰ خیل، تحصیل درگ اور ضلع کچھی کی تحصیل میں شکار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا۔ قطرہی کے شاہی خاندان کی سپریم کونسل کے ایک رکن شیخ علی بن عبداللہ ثانی کو ضلع کیچ، شاہی خاندان کے ایک اور فرد شیخ فیصل بن نصیربن ہمدان کو قلعہ سیف اللہ، کاکڑ خراسان اور قمر دین کاریز میں،

بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ کو موسیٰ خیل میں تحصیل توائسر میں شکار کی اجازت دی گئی۔ اس کے ساتھ بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ کو ضلع جعفرآباد کے علاقوں میں بین الاقوامی سطح پر نایاب تصور کیے جانے والے پرندے تلور کا شکار کرنے کی اجازت دی گئی۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ دورِ حکومت میں مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی جانب سے عرب شاہی خاندانوں کو تلور کے شکار کے لیے اجازت نامے جاری کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں خیبرپختونخوا میں شکار کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جہاں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت تھی۔

اس سے قبل گزشتہ 10 دنوں میں خلیجی ممالک کے 13 شاہی افراد کو سندھ کے علاقوں میں تلور کے شکار کے اجازت نامے دیے گئے تھے جبکہ دسمبر سے پاکستان میں عرب شاہی افراد کے تلور کے شکار کا سلسلہ جاری ہے۔

Leave a Reply