earthquake in turkey 55

ترکی زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 35، 500 زخمی، ہرامداد کیلئے تیار ہیں، پاکستان

Spread the love

انقرہ،اسلام آباد(جتن آن لائن مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی زلزلہ پاکستان پیشکش

ترکی کے مشرقی علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونےوالے افراد کی تعداد 35 ہو گئی جبکہ زخمی شہریوں کی تعداد 500 سے زائد بتائی جاتی ہے- حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیوں کے تحت خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیائ فراہم کرنا شروع کردیں۔ پاکستان نے اپنے برادر اسلامی ملک میں آئی قدرتی آفت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کی امداد کی پیشکش کی ہے- مزید پڑھیں

زلزلہ تیسرے درجے کا تھا بیرونی امداد کی ضرورت نہیں، وزیر داخلہ سلیمان سویلو

ہفتہ کی درمیانی شب یورو بحیرہ روم کے سیسمولوجیکل سنٹر نے بتایا ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ دارالحکومت انقرہ سے 550 کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ الزیگ میں آیا۔ وزیر داخلہ سلیمان سویلو کا کہنا تھا زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔ زلزلہ تیسرے درجے کی شدت کا تھا جس کےلیے بیرونی امداد نہیں بلکہ قومی سطح پر امداد کی ضرورت ہے۔ ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں نے لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان کا اظہار افسوس

پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ بیانات میں ترکی میں ہولناک زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور دکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کیساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ترکی میں آنے والے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سن کر بہت دکھ ہوا، مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

پاک فوج ہر قسم کی مدد کیلئے تیار ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترک حکام کے نام اپنے پیغام میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاک فوج کا دستہ ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے، پاک فوج کے دستے میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیموں سمیت فیلڈ میڈیکل سہولیات بھی مدد کیلئے تیار ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے ترکی کو فوری تعاون اور امداد کی پیشکش پہلے ہی کی جا چکی ہے۔

پاکستان حکومت اور عوام ترک بھائی بہنوں کیساتھ ہیں، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے مشرقی حصے میں زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہلاکتوں پر دلی ہمدردی اورتعزیت جبکہ زخمی ہونے والے افراد سے بھی اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا گو ہیں۔ اس قدرتی تباہی کے نتیجے میں متاثرہ افراد کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں- جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح پاکستان کے عوام ترکی کے بھائیوں اور بہنوں کیساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کیساتھ ہیں۔
ترکی زلزلہ پاکستان پیشکش

Leave a Reply