ایف بی آر کی چھاپہ مار کارروائیاں، ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے تاجروں کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

Spread the love

ایف بی آر کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں کے معاملے پر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے تاجر برادری کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیاہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے وفدنے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کی قیادت میں لاہور ٹیکس بار کے صدرمونم سلطان سے ملاقات کی۔ تاجروں کے وفد میں صدر لاہور ملک امانت، ملک کلیم، وقار احمد میاں، عبدالودود علوی، عمران بشیر، فاروق حفیظ اور ملک اعجاز بھی موجود تھے۔ملاقات میں ایف بی آر کی چھاپہ مار کارروائیوں کو زیر بحث لایا گیااور آل پاکستان انجمن تاجران نے چھاپہ مار کارروائیاں نہ روکنے پر ہڑتال اور غیر معینہ مدت کیلئے دھرنے سمیت مختلف آپشن پر بات کی۔ نعیم میر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایف بی آر کو منسٹر ریونیو نے بھی منع کیامگروہ باز نہیں آرہے، لیکن گھی اگر سیدھی انگلی سے نہ نکلے تو ہمیں ٹیڑھی انگلی سے بھی نکالنا آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کو کاروباری سیکٹر پر چھاپہ مار کارروائیوں کو روک دینا چاہئے اور ہماری تجویز کی روشنی میں ایف بی آر کو مشترکہ کمیٹی بنانی چاہئے جو ٹیکس ادا نہ کرنیوالوں کے حوالے سے آگاہ کرے ، اس کمیٹی میں تاجر اور وکلاء کو بھی شامل کیا جانا چاہئے۔ صدر لاہور ٹیکس بار منعم سلطان نے کہاکہ تاجر اوروکلاء برادری ایک ہی جسم کا حصہ ہیں، تاجر ہمارے بھائی اور انکا استحصال ہرگز نہیں ہونا چاہئے کیونکہ تاجر ہماری ریڑھ کی ہڈی ہیں انکو قتل کر دیا تو ملک نہیں چلے گا۔مونم سلطان نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ تاجروں کیلئے کوئی قانونی راستہ نکالے۔بصورت دیگر لاہورٹیکس بار ایسوسی ایشن تمام تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave a Reply