سینئر اداکار مسعود اختر نے کہا ہے کہ اگر ماضی کے ٹی وی ڈراموں کو دیکھا جائے تو ان کا مرکزی نقطہ ہی معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرنا اور پھر ان کے حل کےلئے اقدامات تجویز کرنا ہوتا تھا، آج ہمارا معاشرہ اپنی ثقافت سے دور ہوتا جارہا ہے جسے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ،صرف اسٹیج ہی نہیں بلکہ ٹی وی ڈرامے کی بھی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسعود اختر نے کہا کہ اگر آپ دو دہائیاں پیچھے چلے جائیں تو اس وقت کا ڈرامہ حقیقی معنوں میں ہماری ثقافت اور معاشرے کاعکاس ہوتا تھا ، لوگ ڈرامہ دیکھنے کے بعد اپنی اصلاح کرتے تھے ،آج غور کرنے کی ضرورت ہے کیا اب بھی ایسا ہی ہو رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال کر دوسرے کے پیچھے چلنے والی قومیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں ۔ہمیں سب کچھ حکومت کے کندھوں پر ڈالنے کی بجائے خود بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ہر شخص اپنے گھر سے اصلاح شروع کرے جس کے تحت بچوں کو اخلاق سکھایا جائے ، ملک کو صاف ستھرا رکھنے اور ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ پیدا کیا جائے اور پھر ایک دہائی بعد ہی اس کے نتائج دیکھ لئے جائیں ۔

اپنی ثقافت پس پشت ڈالنے والے کامیاب نہیں ہوتے:مسعود اختر
Spread the love