آشیانہ سکینڈل ،شہبازشریف سمیت 13افراد کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر

Spread the love

نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا۔ ریفرنس میں شہباز شریف، احد چیمہ، فواد حسن فواد کو نامزد کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے دائر کردہ ضمنی ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مارچ 2014 ء میں شہباز شریف نے آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اکتوبر 2014 ء میں غیر قانونی احکامات جاری کیے۔ شہباز شریف نے غیر قانونی حکم دیتے ہوئے پی ایل ڈی سی کا بڈنگ پراسس روکنے کا حکم دیا، پی ایل ڈی سی دسمبر 2013 ء میں آشیانہ اقبال پراجیکٹ کو چلا رہی تھی۔ضمنی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے خود فیصلہ کیا کہ پراجیکٹ پبلک پارٹنرشپ ماڈل میں منتقل کر دیا جائے۔ آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد خان چیمہ سمیت 13 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں شاہد شفیق، بلال قدوائی اور امتیاز حیدر بھی شامل ہیں۔دوسری طرف احتساب عدالت نے آشیانہ کیس میں مفرور 3ملزموں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس کے دیگر ملزمان کو فرد جرم کیلئے 18فروری کو طلب کرلیاہے ۔احتساب عدالت میں نیب نے آشیانہ کیس میں شہباز شریف سمیت 17ملزمان کیخلاف ریفرنس پیش کررکھا ہے، عدالت میں تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ریفرنس میں تین ملزمان ندیم ضیاء ، کامران کیانی اور خالد حسین مفرور ہیں، جس پر عدالت نے تینوں ملزموں کو اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے ریفرنس سے الگ کرنے کا حکم دیدیاہے ،عدالت نے حکم دیاہے کہ مذکورہ تینوں ملزموں کی گرفتاری کے بعد ریفرنس دوبارہ دائر کیا جائے گا، عدالت نے کیس میں نامزد ملزمان شہباز شریف، فوادحسن فواد اور احد خان چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کیلئے آئندہ تاریخ سماعت پر طلب کرلیاہے۔

Leave a Reply