آسیہ بی بی آزادہیں ، پاکستان میں رہنا چا ہیں تو حکومت تحفظ فراہم کرے گی،شاہ محمود

Spread the love

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی آزاد ہیں ، ملک چھوڑناچاہیں تو چھوڑ سکتی ہے ،پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا تو حکومت انہیں تحفظ فراہم کرے گی،پاکستان افغانستان مسئلے کے پرامن حل کے سلسلے میں سہولت کاری جاری رکھے گا،پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے،وزیراعظم عمران خان ملکی مفاد میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت کسی سے بھی ملنے کو تیار ہیں،آزاد جموں وکشمیر میں عالمی اداروں کو رسائی دی ہوئی ہے ، سب کو کہتے ہیں آئیں اورصورتحال کا خود جائزہ لیں کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے،بھارت جو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا رہا ہے اس کو چھپانے کیلئے وہاں رسائی نہیں دیتا ۔ بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویومیں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آسیہ بی بی کوسپریم کورٹ نے بری کیا ہے جبکہ آسیہ بی بی کی بریت کیخلاف احتجاج کرنیوالوں کو صاف پیغام دے دیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ برطانیہ کے دورے کا مقصد عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں کی آواز بلند کرنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و خوشحالی کا خواہاں ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے کہتا رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں لہٰذا ہمیں سمجھنا ہوگا کہ فوجی طاقت سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کو اپنی سرحد کے اندر ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردوں کی اگر کوئی پناہ گاہیں باقی ہیں تو وہ سرحد کی دوسری پار افغانستان میں ہیں۔قبل ازیںوزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق لندن میں منعقدہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کو کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دیا گیا ہے اورکسی بھارتی اہلکار کو جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم پر سزا نہیں دی لہٰذامقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائی جائیں،بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر مہذب دنیا کو سوچنا ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پر کاربند ہیں جبکہ بھارتی ظلم وبربریت کا کوئی ہتھکنڈا کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں کرسکتا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے اور بے گناہ عوام قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں۔تصویری نمائش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر بھارتی مظالم اور بربریت کے منہ بولتے ثبوت ہیں۔

Leave a Reply