امراﷲ صالح کے گھرسے 6.5 ملین ڈالر، سونے کی اینٹیں برآمد

امراﷲ صالح کے گھرسے 6.5 ملین ڈالر، سونے کی اینٹیں برآمد

Spread the love

امراﷲ صالح گھر

کابل،دوحہ ، ماسکور(جے ٹی این آن لائن نیوز) طالبان نے سابق افغان نائب صدر اول امراﷲ صالح

کے گھر پر چھاپے کے دوران 6.5ملین امریکی ڈالرز اور سونے کے اینٹ برآمد کرلی ۔طالبان کے

سرکاری ٹوئٹر پر امراﷲ صالح کے گھر سے برآمد ہونیوالے سونے اور ڈالرز کی ویڈیو بھی سوشل

میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔ طالبان کے ایک سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے والے محمد جلال نے بتایا

غیر ملکیوں نے امراﷲ صالح جیسے لوگوں کو گزشتہ 20 سالوں میں بدعنوانی اور لوٹ مار کی مکمل

آزادی دی تھی، غیر ملکیوں نے کابل کے سابق ادارے سے منسلک ہونیوالے افراد سے کبھی بھی ان

کی کرپشن کے بارے میں نہیں پوچھا۔ افغانستان میں 90 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی

گزار رہے ہیں تاہم مغربی مما لک کی اکثریت نے امر اﷲ صالح جیسے لوگوں کی ہمیشہ تعریف کی

اور انہیں حکومت میں شامل کئے رکھا۔اب کچھ مغربی ممالک مطالبہ کررہے ہیں کہ امراﷲ جیسے

بندوں کو حکومت میں شامل کیا جائے،لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں

نے امراﷲ صالح جیسے لوگوں کی حمایت کی۔ افغانستان میں حقائق جاننے کیلئے ایک کمیشن بننا

چاہیے جو بدعنوان لوگوں کی کرپشن کی تحقیقات کرے۔ طالبان سوشل میڈیا رکن محمد جلال نے مزید

کہا اشرف غنی اور حامد کرزئی کی حکومتوں کے دوران حکومتی اہلکاروں کو ان کے آباو اجداد سے

میراث میں کچھ بھی نہیں ملا تھا اور یہ لوگ حکومتی وسائل لوٹ کر کروڑپتی بنے ،ان کی دبئی کے

علاوہ دیگر ملکوں میں جائیدادیں ہیں۔ غیر ملکیوں نے مجرم امراﷲ صالح جیسے لوگوں کی حمایت

کی جنہوں نے نہ صرف غریبوں بلکہ حکومتی مال بھی لوٹا۔دوسری طرف افغان سکیورٹی اہلکاروں

نے شمالی صوبہ بلخ میں 2مغویوں کو بچانے کیلئے اغوا کاروں کے ایک گروہ پر حملہ کیا جس کے

نتیجے میں 5اغوا کاروں سمیت 7افراد مارے گئے ۔صوبائی عہدیدار مولوی ذبیع اﷲ نورانی نے پیر

کے روز بتایا اغوا کاروں نے مبینہ طور پر صوبائی دارالحکومت مزارشریف کے باہر دشت شور کے

علاقے سے 2 افراد کو تاوان کیلئے اغوا کیا،جنہیں بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کیا گیا جس کے

نتیجے میں پانچوں اغوا کار مارے گئے لیکن بدقسمتی سے دوطرفہ فائرنگ کے دوران دونوں مغوی

بھی ہلاک ہو گئے،عہدیدار نے مزید بتایا ریسکیو مشن میں ایک سکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوا ۔

ادھر افغانستان کی امارت اسلامی کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے آڈیو پیغام میں اپنی

ہلاکت کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب وزیراعظم

ملا عبدالغنی برادر کی انس حقانی سے تلخ کلامی اور فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے کے بعد

جان کی بازی ہار جانے کی افواہیں زیر گردش تھیں،تاہم نائب وزیر اعظم کے ترجمان مولوی موسیٰ

کلیم نے ایسی خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو افواہوں سے گریز کرنے کی

ہدایت کی ۔بعد ازاں ترجمان امارت اسلامی افغانستان ڈاکٹر محمد نعیم نے ٹوئٹر پر ملا عبدالغنی برادر

کا آڈیو پیغام جاری کیا جس میں نائب وزیراعظم نے کہا کچھ بری افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن

ایسی کوئی بات نہیں ، الحمد اﷲ ہم سب خیریت سے ہیں، وہ افواہوں کے وقت ساتھیوں کے ہمراہ سفر

میں تھے اسلئے جلد تردید نہ کرسکے ۔دوسری طرف کابل ائیرپورٹ پر تعینات خواتین بھی ڈیوٹی پر

واپس آگئی ہیں اووانہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ، قبل ازیں گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر

تعینات افغان پولیس کے اہلکار ڈیوٹیوں پر واپس آگئے تھے اور وہاں تعینات بدری فورس کے دستوں

کیساتھ چیک پوائنٹس پر موجود تھے۔طالبان کی جانب سے خواتین کے کام کرنے کی تصاویر بھی

جاری کی گئی ہیں جن میں خواتین میک اپ کیے اور عبایا پہنے چیزوں کی تلاشی میں مصروف ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے نے بھی کابل ائیرپورٹ پر تعینات خواتین کی ڈیوٹیز پر واپسی کی تصدیق

کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائیرپورٹ پر کام کرنیوالی 80 میں سے 12 خواتین ڈیوٹی پر واپس آگئی ہیں۔

ڈیوٹی پر واپسی آنیوالی رابعہ جمال نے کہاکہ گھر پر رہ کر پریشا ن تھی لیکن ڈیوٹی پر واپس آکر

اچھا محسوس کررہی ہوں۔ایک اور خاتون قدسیہ جمال نے کہا گھر والے واپس کام پر جانے کے

فیصلے سے خوفزدہ تھے اور مجھے منع بھی کیا لیکن میں واپسی پر خوش اور مطمئن ہوں۔دریں اثناء

قطرکے وزیر خارجہ نے کہا ہے طالبان سے خواتین کے حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے،

کابل ایئرپورٹ سے پروازیں جاری رہیں گی۔دوحا میں فرانسیسی ہم منصب کیساتھ مشترکا پریس

کانفرنس میں قطری وزیرخارجہ نے کہا فرانسیسی ہم منصب کیساتھ افغانستان کے معاملے پر تبادلہ

خیال کیا، طالبان کو مسلم معاشرے میں خواتین کے فعال کرداروں کی مثالیں دیں اور خواتین کے

حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا۔ افغانستان کے معاملے میں قطر کا کردار غیرجانبدار ہے،جبکہ

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا افغانستان میں اب بھی درجنوں فرانسیسی شہری موجود ہیں، جن کے

انخلا ء کیلئے قطر کیساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب روس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر

افغانستان کو جلد امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان

میں کہا گیا ہے کہ افغانستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیجنے سے متعلق کام کر رہے ہیں۔

روس افغانستان میں جلد خوراک اور طبی امداد بھیجے گا۔دریں اثناء چینی وزیر خارجہ کی جانب سے

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اب مزید

ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کی معاشی و انسانی مدد کریں۔ انہیں افغانستان کی سالمیت اور آزادی کو

ملحوظِ خیال رکھتے ہوئے اس کی ترقی میں مدد کرنی چاہیے۔

امراﷲ صالح گھر

ستاروں کا مکمل احوال جاننے کیلئے وزٹ کریں ….. ( جتن آن لائن کُنڈلی )
قارئین : ہماری کاوش پسند آئے تو شیئر ، اپڈیٹ رہنے کیلئے فالو کریں

Leave a Reply