امت کوانقلاب اسلامی ایران کی حقیقتوں کو تسلیم کرنا ہوگا،لیاقت بلوچ

Spread the love

ایران کے دینی مدارس کے سربراہ اور امام جمعہ قم المقدس آیت اللہ الشیخ علی رضا اعرافی نے کہا ہے اسلام معاشرے میں سیاست کے فروغ اور ظلم و زیادتی کے مقابلے میں جہاد اور بشریت کو سعادت کی راہوں کی طرف لے جانے والا دین ہے۔

امام خمینی نے دین اسلام کی بنیاد پر انقلاب پربا کیا۔ انقلاب،امت اسلامی کی وحدت کے لئے تمام مذاہب اور اقوام عالم کو غاصبوں کے مقابلے میں اکٹھا کرنا چاہتا ہے۔ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی مسلمانوں کے درمیان تعاون اور دشمن کے مقابلے میں مقاومت کے قائل تھے اور یہی فکر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہے۔

گزشتہ روز جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں انقلاب اسلامی ایران کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلامی انقلاب سیمینار سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا مغربی مفکرین کی سوچ کے خلاف امام خمینی نے مدرسے سے انقلاب برپا کیا اور استعماری قوتوں نے کئی بار اس کے خاتمے کے دعوے کئے مگر اللہ سبحانہ کی نصرت و تائید سے انقلاب ماضی کے مقابلے میں زیادہ طاقت سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

انقلاب عالمی سطح پر استعماری سازشوں سے آزادی کے لئے اسلامی امت کا مقاومتی محاذ تشکیل دینا چاہتا ہے۔ امام خمینی علمی واخلاقی بلندیوں پر فائز ہونے کے ساتھ سیاست میں بھی اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔ دنیا کے بڑے بڑے سیاستدان ان کے بادشاہت کے خلاف قیام اور انقلاب کے سامنے سر تسلیم خم ہوگئے۔

علما و طلبا پر زوردیتے ہوئے آیت اللہ اعرافی نے کہا وہ اسلام کی بابت قرض ادا کرنے کے لئے علمی اور اصلاحی رہنمائی کے لئے مضبوط کردار اپنائیں۔

اس موقع پر علامہ جواد نقوی کا خطاب میں کہنا تھا امریکی میڈیا اور حکومت نے متعدد بار انقلاب اسلامی کے خاتمے کی تاریخیں دیں۔ مگر حکومت اسلامی موجود ہے اور امریکہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔

رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای شاعر مشرق علامہ اقبال کو اپنا مرشد مانتے ہیں اور امام خمینی پاکستانی قوم کے بہت معتقد تھے ۔

سیمینار سے خطاب میں رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا انقلاب اسلامی اتحاد امت کی طاقت بنے گا۔ دنیا کو سازشیں چھوڑ کر انقلاب اسلامی ایران کی حقیقتوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔

اسلامی ممالک میں جہاں بھی جمہوریت نافذ ہے وہ مغربی جمہوریتوں کا چربہ ہے۔ مگر امام خمینی نے نظام ریاست چلانے کے لئے شاندار پیغام دیا.

پروفیسر ظفراللہ نے کہا انقلاب اسلامی کی بنیاد توحید ہے جو کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے۔

Leave a Reply