atta flourr 46

کراچی تا خیبر آٹا نایاب، بحران مصنوعی، حکومت، آج قیمتوں میں کمی کا عندیہ

Spread the love

اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ،پشاور(جتن آن لائن رپورٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)

کراچی تا خیبر آٹے کا بحران سنگین ہوگیا، قیمت فروخت 70 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، غریب عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے اور قیمت سن کر چودہ طبق بھی روشن ہو گئے۔ آٹے بحران کے بعد نان روٹی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں

سپلائی کا عمل متاثر ہونے سے مشکلات کا سامنا ہوا، خسرو بختیار

وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق خسرو بختیار نے کہا ہے گندم کی سپلائی کا عمل متاثر ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومتی اقدامات سے چند دنوں میں آٹے کا مصنوعی بحران ختم ہوجائے گا- حکومت نے سمگلنگ روکنے اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی سمیت اہم اقدامات کیے ہیں- آج بروز پیر سے آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائیگی- سندھ کو روزانہ کی بنیاد پر گندم فراہم کی جارہی ہے- پنجاب میں گندم اور آٹے کا کوئی بحران نہیں- ضرورت کی گندم موجود ہے- کے پی کے کو گندم کوٹہ بڑھایا جارہا ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال اور کچھ موسمی حالات کے باعث گندم کی سپلائی متاثر ہوئی۔

اگلے سال گندم کا کوٹہ بڑھا کر 80 لاکھ ٹن مقرر، وفاقی وزیر غذائی تحفظ

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت نے گندم کی فی من قیمت 1365 روپے مقرر کی اور پچھلے سال حکومت نے گندم کا ہدف 60 لاکھ ٹن مقررکیا تھا جو اگلے سال بڑھا کر 80 لاکھ ٹن رکھا گیا ہے- یہ اعداد و شمار آبادی میں اضافے کے تناسب پر ہوتے ہیں اور امسال ملک کی آبادی مزید بڑھ جائیگی جس کی وجہ سے گندم کا ہدف بڑھانے جارہے ہیں۔ گندم اور آٹے کا مصنوعی بحران ہے اس کی دو وجوہات ہیں جن میں ایک سلائی چین کا متاثر ہونا اور دوسرا موسمی حالات۔ پنجاب میں آٹے یا گندم کا کوئی بحران نہیں صرف پنجاب حکومت نے سندھ اور خیبرپختونخوا کو گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے تھے جس کے باعث سپلائی میں کچھ تعطل پیدا ہوا ہے۔

20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 11 سو روپے تک جا پہنچی

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی آٹا نایاب ہے۔ بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت گیارہ سو روپے تک جا پہنچی ہے۔ بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم ذخیرہ کر لی گئی ہے۔ چکیوں پر آٹا 70 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ عام مارکیٹ سے معیاری آٹا بھی نایاب ہو چکا ہے۔ بعض مقامات پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 900 تا 1100 روپے کلو میں دستیاب ہے۔

پنجاب میں کوئی بحران نہیں، ہے تو نشاندہی کریں،وزیرخوراک سیمع اللہ

وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ خان نے سب اچھا کی رپورٹ دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہیں بحران ہے تو بتائیں؟ صوبائی حکومت اب تک گراں فروشوں کیخلاف 14 کروڑ کے جرمانے کر چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کا کہنا تھا شہر میں جہاں جہاں آٹا بحران کی شکایات ہیں، وہاں آٹا پہنچا دیا گیا ہے۔ کنٹرول ریٹ پر گندم کی فراہمی کے باوجود چکی پر آٹے کی قیمت 70 روپے سے کم نہ ہوئی تو کارروائی کریں گے۔ انتظامیہ نے ماڈل بازاروں میں آٹے کی قیمت 790 روپے کر رکھی ہے جبکہ عام مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 805 روپے میں فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔ آٹا نایاب بحران مصنوعی

فیصل آباد میں بحران جاری، سیل پوئنٹس پر آٹا نہ پہنچ سکا

فیصل آباد میں بھی آٹے کا بحران جاری، سیل پوئنٹس پر بھی آٹا نہ پہنچ سکا، سیل پوئنٹ پر روزانہ کی بنیاد پر 10 تھیلے دینے کا اعلان بھی کاغذات کی نظر ہوگیا، فلوملز مالکان کا ایک مافیا آٹے کا بحران پیدا کر رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک کڑور سے زائد آبادی ضلع بھر میں 12سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، اور چکیوں کو ملنے والی گندم کی روزانہ 5 بوریاں بند کردی گئی ہیں، چکی مالکان کا الزام، فلور ملز مالکان کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں 20 کلو والا آٹا کا تھیلا بند،15 کلوگرام آٹے کا تھیلا فروخت ہونا لگا، چکی مالکان نے مطالبہ کیا ہے ہمارا کوٹہ بحال کردیا جائے تو آٹے کی قیمت کم ہوجائے گی-

سندھ میں گندم کی بوری کی قیمت 5300 تک جا پہنچی

کراچی میںآٹے کی قیمت ہر گزرتے دن کیساتھ نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ صرف پانچ ماہ میں دس کلو آٹے کی قیمت میں دو سو سے ڈھائی سو روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فائن ہو یا چکی دس کلو آٹے کی قیمت 700 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران سندھ میں گندم کی 100 کلو والی بوری کی قیمت 1300 روپے اضافے سے 5 ہزار 300 روپے تک پہنچ چکی ہے

منگل، بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم سپلائی میں تاخیر ہوئی، منگل اور بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔ پاسکو نے 3 لاکھ ٹن گندم سندھ کے لیے الاٹ کی تھی۔ یہ گندم پنجاب اور بلوچستان سے لائی جارہی ہے۔ 70 ہزار گندم کی بوریاں آج کراچی پہنچ چکی ہیں۔ کل تک مزید 50 ہزار بوریاں پہنچ جائیں گی۔ حکومت سندھ نے این ایل سی سے معاہدہ کیا ہے۔ این ایل سی کی 200 گاڑیاں گندم لانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ گندم کراچی اور حیدر آباد میں فلور ملز کو دی جارہی ہیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔

وفاق پڑوسی ملک کوگندم نہ بھیجتا توآج بحران نہ ہوتا، وزیرخوراک سندھ

سندھ کے وزیر خوراک اسماعیل راہو نے فردوس عاشق اعوان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا صوبائی حکومت کے پاس پیسوں کی کمی تھی- وفاق نے فنڈز نہیں دیئے، وہ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سارا ملبہ سندھ حکومت پر ڈال رہی ہے۔ وفاقی حکومت پڑوسی ملک کوگندم نہ بھیجتی توآج ملک میں گندم کا بحران پیدا نہ ہوتا- وفاقی حکومت عوام کو بتائے پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے میں آٹے کا بحران کیوں ہے- گندم کہاں گئی۔ وفاقی وزرا بیان بازی کی بجائے بحران کوختم کرنے پر کام کریں۔لاڑکانہ، سکھر اور ٹھٹھہ میں گندم کا ذخیرہ موجود ہے، منگل یا بدھ کو سندھ میں آٹے کی قیمتوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا- سندھ میں دو ماہ بعد گندم کی کٹائی شروع ہوجائےگی۔ گندم کی سپلا ئی کا کام کرلیں گے۔ ابھی بھی سندھ کے پاس 350 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجودہے۔ کراچی میں آٹے کی سپلائی میں تھوڑا بحران آیا جسے حل کر لیا جائےگا- آٹا نایاب بحران مصنوعی

بلوچستان میں بحران سنگین تر، 20 کلو آٹے کی قیمت 1120 روپے

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی آٹے کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کی قیمت گیارہ سو بیس روپے تک پہنچ گئی ہے۔ شہر کے یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا بھی غائب ہو گیا ہے۔ فلور ملوں کی جانب سے ضرورت کے مطابق آٹا مہیا نہیں کیا جا رہا ہے کیونکہ سرکاری طور پر گندم فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں آٹے کی ترسیل نہیں ہو پا رہی ہے۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث تندور مالکان نے بھی روٹی کا وزن کم اور قیمتیں بڑھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ آٹا نایاب بحران مصنوعی

افغانستان کو گندم سمگلنگ پر پابندی لگا دی، وزیر خوراک بلوچستان

صوبائی وزیر خوراک بلوچستان سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے بلوچستان سے افغانستان گندم سمگلنگ پر پابندی لگا دی ہے وفاقی حکومت نے 50 ہزار ٹن گندم پاسکو سے بلوچستان کو الاٹ کر د ی ہے 10 دنوں میں بلوچستان بھر میں گندم کی ترسیل شروع کر دیا جاے گا اور جلد بحرانی کیفیت دور ہوجائے گی- نصیر آباد سے گندم کی خریداری نہیں کی سیلاب سے گندم کافی حد تک خراب ہوچکی تھی آئندہ دو ماہ میں ہماری فصل آرہی ہے یہ فصل بلوچستان کیلئے 2 سال کی ضرورت پوری کرسکتی ہے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھر پور کارروائی کرینگے۔ آٹا نایاب بحران مصنوعی

خیبر پختونخوا، آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت سے رابطے کے بعد آٹے کی ترسیل شروع ہو گئی ہے جس کے بعد قیمتوں میں تو کسی حد تک کمی ہوئی لیکن نانبائیوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دیدیا ہے۔ آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی رامبیل کے مطابق پنجاب میں قائم چیک پوسٹوں کے باعث گزشتہ پانچ روز سے آٹے کی سپلائی مکمل طور پر بند تھی تاہم گزشتہ رات آٹے کی سپلائی بحال ہونے سے بحران ختم ہو چکا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی کسی حد تک کمی ہوئی ہے۔ نانبائی ایسوسی ایسشن کے صدر خستہ گل کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاو نے غیر اعلانیہ طور پر انہیں 170 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے پر فروخت کی اجازت دے دی ہے تاہم جب تک نرخنامہ مقرر نہیں کیا جاتا اس قیمت پر فروخت نہیں کریں گے۔ آٹا نایاب بحران مصنوعی

وزیراعلی محمود خان کا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کا حکم

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ آٹے کی طلب و رسد کی صورتحال کی بھی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی قسم کا آٹا بحران نہیں جبکہ صوبے بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزوں، گراں فروشوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے آٹا ڈیلرز کیخلاف کاروائی عمل میں لانے اور عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے میں گندم اور دیگر اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

آٹا نایاب بحران مصنوعی

Leave a Reply