Aaj ka din jtnonline 57

آج کا دن کیسا گذرے گا

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
بندش والی کیفیت ہے اور بہت زیادہ ہے، آپ کو چاہئے کہ سورۃ القلم کی آخری دو آیات کی صبح و شام تلاوت کریں اور سورۃ الحشر کی آخری تین آیات بھی پڑھ کر اپنے اوپر پھونک لیں، گھر میں کسی غیر شخص کو مت آنے دیں، اپنے گھر کے باہر کے دروازے پر بسم اﷲ لکھ کر لگا لیں تاکہ کسی بھی قسم کی شرارتی قوتیں اندر داخل نہ ہو سکیں جو لوگ با وضو رہیں گے، وہ فائدے میں رہیں گے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
صحت کے حوالے سے لاحق ٹینشن کم ہو گی، لیکن ابھی بدنظری کے اثرات باقی ہیں، آپ کو اس طرف خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ اپنی نظر اتارنا ہو گی اور وہ بھی کم سے کم 7 یوم لگا تار۔ جو لوگ اولاد کے حوالے سے پریشان ہیں، ان کو اب اس میں بہتری کی نوید ملنا شروع ہو جائے گی، رشتے وغیرہ کے حوالے سے جو بندش محسوس کی جا رہی تھی، وہ اب ٹوٹ چکی ہے، یہ ہفتہ اس بارے میں بڑی کامیابی دلائے گا۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
آپ کی اہم ضرورت بحکم خدا پوری ہو گی ،جس بات کا خوف ذہن پر سوار ہے، اس کو نکال دیں، آپ کو کسی طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہے، جو لوگ سفر کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ ابھی کامیاب نہیں ہوں گے اور جن لوگوں نے پھر بھی ایسا کیا تونقصان کا خطرہ بھی ذہن میں رکھیں۔ یہ ہفتہ مالی طور پر بہتر رہے گا۔ پیسوں کا سلسلہ بھی بہتر ہو سکے گا اور آپ کو بڑی رقم کا حصول بھی ممکن ہوگا، بس صدقہ دیتے رہیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ کو صحت کا صدقہ دینے کی ضرورت ہے، آپ راشن لے کر کسی غریب کو دے دیں، جو لوگ اپنے کام میں تبدیلی چاہتے ہیں، وہ ابھی انتظار کریں، موجودہ جگہ پر ہی بہتری کے امکانات ہیں۔ اس ہفتے سفر کے متعلق بھی اچھی خبریں ہیں، خواہشمند افراد کی خواہش پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے،جو لوگ نوکری کی تلاش میں ہیں ، وہ جلد کامیاب ہوں گے ۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
کسی بھی قسم کے عشق و محبت کے معاملے میں ہرگز نہ آئیں، بدنامی اور ناکامی سامنے کھڑی ہے، یاری دوستی سے بھی گریز کریں، اس میں عزت کو خطرہ بہت زیادہ ہے، ہو سکے تو اس کو گھر سے باہر رکھیں، نوکری پیشہ افراد اپنے دفتری معاملات پر خاص توجہ دیں، بلاوجہ کی پریشانی نہ مل جائے۔ اندرون خانہ کوئی مخالفت پر لگا ہوا ہے، اپنی توجہ اس طرف بھی دیں، ضروری ہے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ کسی بھی ایسے کام میں ہاتھ مت ڈالیں،جس کے بارے میں پوری معلومات نہیں۔ یاری دوستی کے معاملات میں بے حد محتاط ہو کر چلنے کا مشورہ ہے، جو لوگ باز نہیں آئیں گے وہ انجام بھی فوری دیکھ لیں گے۔ اس ہفتے آپ کی صحت کا خانہ بھی کمزور ہے اور گھر میں بھی کسی کے بارے میں فکر لاحق رہے گی، کالے ماش کا صدقہ دیں اور کوشش کریں کہ غصہ کرنے کے بجائے ٹھنڈے مزاج سے معاملات حل کریں۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
آپ کے لئے مبارک دن شروع ہو گئے ہیں، جن معاملات کی وجہ سے پریشان تھے۔ ان سے نکل جانے میں کامیاب ہوں گے۔ اﷲ پاک فرماتے ہیں ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے تو پھر فکر اور پریشانی کیسی؟ ان شاء اﷲ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ۔آپ کو مبارک سفر کی خبر بھی مل سکتی ہے۔ اولاد کے حوالے سے بھی لاحق ٹینشن کا خاتمہ ہو جائے گا، ان کا مسئلہ حل ہوگا۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ کی گھریلو زندگی میں جو بے سکونی ہے، وہ 12 دنوں کے بعد بہتری میں بدل جائے گی اور جن لوگوں کو اپنی نوکری میں کوئی خطرہ محسوس ہو رہا ہے، وہ بھی ان شاء اﷲ اس سلسلے میں بے فکر ہو جائیں۔ اس ہفتے آپ کو غیر متوقع جگہ سے رقم کا حصول بھی ممکن ہوگا اور جس طرف سے امید لگا رکھی تھی، وہ پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے، جو لوگ بیماری کاٹ رہے تھے، اﷲ نے چاہا تو صحت یاب ہوں گے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
پریشان نہ ہوں، اﷲ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں، آپ توکل سے کام نہیں لیتے اور چھوٹی چھوٹی باتوں سے گھبرا جاتے ہیں، نماز پڑھیں، باوضو رہا کریں، سچ بولیں اور ہر طرح کے ناجائز قسم کے رزق سے دور رہیں، پھر دیکھیں کہ کس طرح معاملات ٹھیک ہوتے ہیں ،اس وقت جو بھی ٹینشن ہے، وہ عارضی ہے، اﷲ نے چاہا تو دو تین یوم میں اس سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور مستقبل کے حوالے سے بھی اچھی خبریں ہیں۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں، جس قدر بھی مشکلات ہیں، ان سے نکل جائیں گے، اپنا صدقہ بھی حسب توفیق دیتے رہا کریں۔ آپ کو بد نظری کا سامنا بھی ہے، آپ کا خون چونکہ بہت ہلکا ہے اس لئے آپ سورۃ القلم کی آخری دو آیات پڑھ کر اپنے اوپر پھونک کر گھر سے نکلا کریں، جو لوگ اولاد کے معاملات میں ضرورت سے زیادہ نرمی سے کام لے رہے ہیں، وہ اپنے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
سرطانی افراد ان دنوں مالی طور پر خود کو بہت کمزور محسوس کر رہے ہوں گے، کیونکہ مال کا خانہ بند ہے ،اس کے کھلنے میں 14 یوم لگ سکتے ہیں۔ جو لوگ بعد نماز مغرب سورۃ الواقعہ پڑھنا اپنا معمول بنا لیں۔ وہ ان شاء اﷲ روز گار میں بڑی شاندار برکت حاصل کر سکتے ہیں۔ ان دنوں آپ کو عورتوں کے معاملات سے دور رہنے کا مشورہ ہے ،جس قدر ممکن ہو اس پر عمل کریں اور ادھار لینے اور دینے سے باز رہیں۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
اگر آپ کو کسی جانب سے کوئی آفر آئے تو اس کے بارے میں ضرور غور کریں، آپ کے لئے اچھی رہے گی۔ اس ہفتے روز گار کے حصول میں بھی ان شاء اﷲ بہتری کا امکان ہے۔ کاروباری معاملات بھی بہتر ہو سکیں گے اور جو لوگ کسی کے ساتھ مل کر کام شروع کرنا چاہتے ہیں، وہ کر سکتے ہیں، بہتر رہے گا، آپ کی گھریلو زندگی میں بھی جاری ٹینشن کا خاتمہ ہوگا، خاص طور پر ازدواجی معاملات بہتر ہو سکیں گے۔

Leave a Reply