103

ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری، آئندہ سماعت پرگواہ طلب

Spread the love

راولپنڈی(جے ٹی این آن لائن)راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس

میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار د یتے ہوئے ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری

جاری کردیے،عدالت نے مزید کارروائی کے لیے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر

طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی سمگلنگ

کیس کی سماعت جج ارشدحسین بھٹہ نے کی، سماعت میں ایان علی کے وکیل

آفتاب باجوہ، بیرسٹر سرفراز علی اور دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد نواز

پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے کسٹمز افسران سے حلف لیا گیا۔

عدالت نے دریافت کیا کہ بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں؟

ملزمہ کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے۔سماعت

میں وکلا اور پراسیکیوٹر سے ملزمہ کے کیس کی تفصیلات اکٹھی کرنے کا آغاز

کردیا گیا۔ جج نے ایان علی کے وکیل سے کہا کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل طلب

کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں، ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی

کا ہے۔کسٹم انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ کراچی گیا تو بتایا گیا ماڈل بہت عرصے

سے یہاں آئی ہی نہیں۔ عدالت نے کہا کہ تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادت قلمبند

کی جائے۔عدالت نے کہا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ

تعینات کیا جائے، مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کی فروخت روکنے پر متعلقہ

محکموں کو پابند کرے۔عدالت نے ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

کرنسی سمگلنگ کیس کی مزید سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔