56

حکومت کانوازشریف کو پنجاب کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ،سابق وزیراعظم کا انکار

Spread the love

حکومت نے مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق جیل حکام نے محکمہ داخلہ کو اس حوالے سے سفارش بھجوا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو عارضہ قلب ہے جن کے بہتر علاج معالجہ کیلئے پی آئی سی میں داخلہ ضروری ہے ۔اس سلسلے میںانھیں پنجاب کارڈیالوجی میں سی سی یو میں رکھا جائے گا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نوازشریف کو آئندہ دوروز تک پی آئی سی میںمنتقل کر دیا جائے گا۔دوسری جانب میاں نوازشریف نے ہسپتال جانے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق پی آئی سی میں تمام انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے تھے،سابق وزیراعظم کی ہسپتال منتقلی کیلئے 3 کمرے تیار کر کے ڈاکٹروں کی ٹیم کو الرٹ کر دیا تھا ۔ترجمان پنجاب حکومت شہباز گِل نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ہسپتال منتقلی کی پیشکش کی لیکن انہوں نے ہسپتال منتقل ہونے سے انکار کردیا۔شہباز گل نے بتایا کہ نواز شریف نے کہا وہ صحت مند ہیں وہ ہسپتال نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا مریم نواز کی ٹویٹس کے بعد وزیر اعلی نے احکامات دئیے اورڈاکٹروں نے جیل جاکر نواز شریف کا معائنہ کیا۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ میاں نواز شریف بالکل نارمل اور صحت مند ہیں اوراگروہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل ہونا چاہیں تو انتظامات مکمل ہیں۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی ۔ مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ اس دوران بھی والد کو انجائنا کی تکلیف ہوئی جس پر انہیں سپرے دیا گیا ۔نواز شریف نے بتایا کہ انہیں گزشتہ ہفتے چار بار اس طرح کی تکلیف ہوئی تھی۔ تاہم انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تکلیف کا کسی کو بتائیں گے اورنہ ہی شکایت کریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ میرے والد کو ہسپتال لے جایا گیا مگر ان کا علاج نہیں کیا گیا ۔مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے،نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا ۔مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ نوا زشریف کو ہسپتال میں رکھنے کے باوجود انہیں کوئی علاج فراہم نہیں کیا گیا ، مریم نواز نے لکھا نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ ایک بہانے کے طور پر ہسپتال میں نہیں رہنا چاہتے۔اپنے پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کے ساتھ حکومت کا سلوک پریشان کن ہے ، مجھے اور خاندان کو نواز شریف کی صحت کو درپیش خطرات پر تشویش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply